راولپنڈی (پی پی اے) ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی و سی ای او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر نے 8 نمبر چونگی اور ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا اور مختلف مقامات پر جاری صفائی آپریشن کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے فیلڈ میں صفائی کی صورتحال، کچرے کی بروقت منتقلی، ورکرز کی حاضری اور صفائی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر رانا ساجد صفدر نے صفائی ورکرز میں عیدالاضحیٰ اعزازیہ کے چیک تقسیم کیے اور عید کے موقع پر شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ صفائی ورکرز ادارے کی کارکردگی میں بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں اور ان کی محنت قابلِ قدر ہے۔ایم ڈی نے متعلقہ افسران اور فیلڈ عملے کو ہدایت کی کہ شہر میں صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے اور انسداد سموگ کے لیے سڑکوں کی واشنگ، سوئیپنگ اور صفائی کی سرگرمیوں میں تیزی لائی جائے۔ انہوں نے کچرے کو سڑکوں اور خالی جگہوں پر جمع ہونے سے روکنے کے لیے بروقت اٹھانے اور منتقلی کا مؤثر نظام یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے زیرو ویسٹ صفائی آپریشن کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے اہم مقامات، تجارتی علاقوں اور گنجان آبادیوں میں صفائی کا خصوصی خیال رکھا جائے، جبکہ کوڑا کرکٹ جلانے اور پھیلانے کے رجحان کی روک تھام کے لیے آگاہی اور فیلڈ اقدامات جاری رکھے جائیں۔ رانا ساجد صفدر نے پاک سری لنکا کرکٹ سیریز کے سلسلے میں پنڈی کرکٹ سٹیڈیم اور اس کے اطراف خصوصی صفائی انتظامات جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سٹیڈیم کے اطراف سڑکوں کی صفائی، واشنگ اور سوئیپنگ کے ساتھ کچرے کی بروقت منتقلی یقینی بنائی جائے تاکہ ملکی و غیر ملکی شائقین کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے انسداد سموگ اور کوڑا کرکٹ کے خاتمے کے لیے سکولوں میں جاری آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو صفائی، کچرا مقررہ مقامات پر ڈالنے اور کچرا جلانے سے گریز کے حوالے سے آگاہی دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ صاف ماحول کے لیے شہریوں کا تعاون اور شعور بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی نے واضح کیا کہ شہر میں صفائی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور فیلڈ آپریشنز کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھی جائے گی۔ متعلقہ افسران کو صفائی، سموگ کنٹرول، زیرو ویسٹ آپریشن اور آگاہی سرگرمیوں کو مربوط انداز میں مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔