میرپور آزاد کشمیر (پی پی اے) کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز خان کی زیر صدارت آفیسر کلب میرپور کی تزئین و آرائش، سہولیات میں بہتری اور کلب کو فعال بنانے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کلب کی موجودہ صورتحال، جاری تعمیراتی و تزئینی کام اور مستقبل میں فراہم کی جانے والی تفریحی و دیگر سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور کلب کو ایک فعال، معیاری اور منظم تفریحی و سماجی مرکز بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر میرپور چوہدری ساجد اسلم، ڈائریکٹر اسٹیٹ ایم ڈی اے راجہ عمر طارق، ایس ای بلڈنگ شہزادہ اورنگزیب، ایکسین بلڈنگ چوہدری محمد ثاقب، چیف آفیسر بلدیہ راجہ شیراز خان سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آفیسر کلب میں ان ڈور اور آؤٹ ڈور کھیلوں کے لیے مناسب سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ان ڈور گیمز میں ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن، کیرم اور شطرنج جبکہ آؤٹ ڈور کھیلوں میں فٹبال، والی بال سمیت دیگر کھیلوں کے لیے ضروری انتظامات کیے جائیں گے۔ مقررہ قواعد و ضوابط کے تحت عام شہری بھی ان سہولیات سے استفادہ کرسکیں گے۔ آفیسر کلب میں جم خانہ کو فعال بنانے، کیفے کی سہولت، مناسب نشست گاہ اور دیگر بنیادی و تفریحی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ خواتین کے لیے باوقار اور مناسب بیٹھنے کی جگہ مختص کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ خواتین کی دلچسپی کے کھیلوں اور دیگر مثبت سرگرمیوں کے لیے بھی ضروری انتظامات کیے جائیں گے۔ اجلاس میں کلب کی مجموعی تزئین و آرائش کے حوالے سے عمارت کے اندر و باہر رنگ و روغن، فرنیچر کی مرمت و بہتری، داخلی و خارجی گیٹس کی مرمت، مختلف حصوں کی فرنشنگ اور بیٹھنے کی جگہوں کو بہتر بنانے سمیت دیگر ضروری مرمتی و تزئینی کاموں کا جائزہ لیا گیا۔ کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز خان نے مختلف محکموں کے افسران کو تزئین و آرائش اور سہولیات کی بہتری کے حوالے سے ذمہ داریاں سونپتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام کام مقررہ معیار کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں۔ اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ مختلف محکموں کے افسران اپنے ذاتی مالی وسائل سے آفیسر کلب کی تزئین و آرائش اور سہولیات کی بہتری کے لیے تعاون کریں گے۔ راجہ طاہر ممتاز خان نے کہا کہ آفیسر کلب کی تزئین و آرائش کا مقصد اسے ایسا معیاری اور فعال مرکز بنانا ہے جہاں کھیلوں، صحت مند تفریح اور مثبت سماجی سرگرمیوں کے لیے بہتر ماحول دستیاب ہو۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تزئین و آرائش کے کاموں میں خوبصورتی کے ساتھ سہولت، فعالیت، معیار اور پائیداری کو بھی ملحوظ خاطر رکھا جائے اور کلب کی سہولیات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔ نہوں نے متعلقہ افسران کو باہمی رابطے کے ساتھ تمام امور آگے بڑھانے، سونپی گئی ذمہ داریاں بروقت مکمل کرنے اور جاری کاموں کے معیار کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ بعد ازاں کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز خان نے آفیسر کلب کا دورہ کرکے جاری تزئین و آرائش کے کام کا موقع پر معائنہ کیا۔ انہوں نے مختلف حصوں میں جاری کام اور مجوزہ سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں اور کام کی بروقت تکمیل یقینی بنانے پر زور دیا۔ اجلاس میں ڈی او نسواں فرح اویس، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ راجہ محمد اشرف، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت، تحصیلدار حمام شفیق کیانی، انفارمیشن آفیسر خضر حیات سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی