اسلام آباد (پی پی اے) اسلام آباد پولیس کے زونل ایس پیز نے کھلی کچہریوں، کرائم میٹنگز اور ناکہ جات کے دوروں کے دوران شہریوں کے مسائل کے فوری حل، جرائم کی روک تھام اور موثر پولیسنگ کے لیے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں تفصیلات کے مطابق ایس پی سٹی زون محمد خرم اشرف اور ایس پی انڈسٹریل ایریا زون ڈاکٹر ایاز حسین نے اپنے دفاتر میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جہاں شہریوں کی شکایات اور مسائل سنے گئے۔ دونوں زونل ایس پیز نے متعلقہ افسران کو شہریوں کے مسائل فوری حل کرنے اور میرٹ پر قانونی کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی دریں اثناء ایس پی صدر زون کاظم نقوی کی زیرصدارت تھانہ رمنا کے افسران کے ساتھ کرائم میٹنگ ہوئی جس میں زیر تفتیش مقدمات جرائم کی روک تھام اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا ایس پی صدر زون نے افسران کو زیر تفتیش مقدمات کی بروقت تکمیل، میرٹ پر تفتیش اور جرائم کے موثر سدباب کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں اسی طرح ایس پی سواں زون حسنین وارث کی زیرصدارت بیٹ افسران کے ساتھ کرائم میٹنگ منعقد ہوئی جس میں علاقے کی امن و امان کی صورتحال اور جرائم کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ایس پی سواں زون نے بیٹ افسران کو جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر کارروائیاں، گشت کا نظام مزید بہتر بنانے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی مزید برآں ایس پی سی ٹی ڈی خالد محمود اعوان نے مختلف ناکہ جات کا دورہ کیا اور وہاں تعینات افسران و جوانوں کو ڈیوٹی ذمہ داریوں اور فرائض کی بہتر انجام دہی کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں۔ انہوں نے شہریوں کے تحفظ، امن و امان برقرار رکھنے اور کسی بھی ممکنہ صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنانے کی تاکید کی اسلام آباد پولیس کے مطابق شہریوں کے جان و مال کا تحفظ، جرائم کی روک تھام اور عوام کو بروقت انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں، جس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں.