میرپور میں سیاحت کے فروغ کیلئے مؤثر اقدامات کا فیصلہ

میرپور آزاد کشمیر (پی پی اے) آزاد جموں و کشمیر کے محکمہ سیاحت و آثارِ قدیمہ کے ڈائریکٹر جنرل راجہ شاہد حسین نے دورہ میرپور کے دوران کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز خان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں میرپور ڈویژن میں سیاحتی مواقع کو فروغ دینے، مقامی ثقافت، تہذیب و روایات کو اجاگر کرنے اور مختلف ثقافتی و سیاحتی فیسٹیولز کے انعقاد سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ میرپور کے قدرتی حسن، تاریخی ورثے اور منفرد ثقافتی شناخت کو مربوط حکمت عملی کے تحت اجاگر کرتے ہوئے سیاحت کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ مختلف سیاحتی فیسٹیولز اور ثقافتی نمائشوں کے ذریعے مقامی فنون، روایات اور تہذیب کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ سیاحوں کے لیے نئے اور پُرکشش مواقع پیدا کیے جائیں گے۔ اس موقع پر باہمی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے جذبے کو فروغ دینے کے لیے بھی مؤثر حکمت عملی کے تحت اقدامات کرنے پر زور دیا گیا۔ بعد ازاں ڈائریکٹر جنرل سیاحت و آثارِ قدیمہ راجہ شاہد حسین نے کشمیر ہیریٹیج میوزیم کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیاحت و آثارِ قدیمہ قمر ایوب نے انہیں میوزیم کی موجودہ صورتحال اور وہاں محفوظ تاریخی و ثقافتی نوادرات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ راجہ شاہد حسین نے میوزیم کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور تاریخی ورثے کی حفاظت، مناسب دیکھ بھال اور اسے سیاحوں و نئی نسل کے لیے مزید پُرکشش بنانے کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سیاحت و آثارِ قدیمہ راجہ شاہد حسین نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر کے وژن کے مطابق تاریخی ورثے کی حفاظت اور میوزیم کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے فعال بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ سیاحت کو فروغ دینا اور آزاد کشمیر کو ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے لیے مزید پُرکشش بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت آزاد کشمیر کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ محکمہ سیاحت تاریخ، ثقافت اور روایات سے وابستہ قومی ورثے کو محفوظ رکھنے اور اسے آنے والی نسلوں تک محفوظ انداز میں منتقل کرنے کے لیے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائے گا۔

Comments (0)
Add Comment