اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان ایسوسی ایشن آف ایگزبیشن انڈسٹری کے چیئرمین خورشید برلاس نے سری لنکا میں پاکستان کے ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) ڈاکٹر نیئر نصیر سے کولمبو میں ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری روابط کے فروغ سمیت آئندہ منعقد ہونے والی دوسری میڈ ان پاکستان ایگزبیشن کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا خورشید برلاس نے ہائی کمشنر کو پاکستان میں اور بیرون ملک منعقد کی جانے والی مختلف نمائشوں بالخصوص سعودی عرب جدہ برطانیہ بحرین اور حال ہی میں بنگلہ دیش میں منعقد ہونے والی میڈ ان پاکستان نمائشوں کے بارے میں آگاہ کیا انہوں نے بتایا کہ دوسری میڈ ان پاکستان ایگزبیشن اینڈ بزنس انویسٹمنٹ کانفرنس 23 سے 27 دسمبر 2026ء تک بندرانائیکے میموریل انٹرنیشنل کانفرنس ہال کولمبو، سری لنکا میں منعقد ہوگی نمائش میں ٹیکسٹائل فیشن و فیبرکس غذائی مصنوعات برقی آلات کچن کا سامان و کراکری صارفین کی مصنوعات جوتے گھریلو سامان فرنیچر و فکسچر جواہرات و زیورات ماربل و شیشہ، کھیلوں کا سامان سیاحت و مہمان نوازی مشینری و آلات پینٹ ایچ وی اے سی آر اور دستکاری کی مصنوعات سمیت مختلف شعبوں سے وابستہ پاکستانی کمپنیاں شرکت کریں گی خورشید برلاس نے کہا کہ نمائش پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تجارت کے نئے راستے کھولنے اور پاکستانی مصنوعات کو عالمی سطح پر متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کرے گی پاکستانی ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) ڈاکٹر نیئر نصیر نے خورشید برلاس کی ملکی معیشت اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے نمائش کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی انہوں نے کہا کہ پاکستان ہائی کمیشن نمائش کے انعقاد میں منتظمین کے شانہ بشانہ کھڑا ہوگا، جبکہ ملکی معیشت کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششیں قابل تحسین ہیں میجر جنرل (ر) ڈاکٹر نیئر نصیر نے سری لنکا کی اقتصادی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری کا ماحول مزید پرکشش ہوتا جا رہا ہے جس کی اہم وجوہات میں آزادانہ غیر ملکی سرمایہ کاری کا نظام سازگار حکومتی پالیسیاں اسٹریٹجک محل وقوع اور تعلیم یافتہ و موافق افرادی قوت شامل ہیں انہوں نے کہا کہ سری لنکا جنوبی ایشیا میں سرمایہ کاری کے لیے ایک امید افزا ملک کے طور پر ابھر رہا ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں کیونکہ دونوں ممالک متعدد مصنوعات میں ایک دوسرے کے ساتھ تجارت کر سکتے ہیں. ہائی کمشنر نے زور دیا کہ ایسے شعبوں اور مصنوعات کی نشاندہی کی جانی چاہیے جہاں سری لنکا دیگر ممالک کے بجائے پاکستانی مصنوعات کو ترجیح دے سکتا ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں مزید اضافہ ممکن ہوگا ملاقات کے اختتام پر پاکستان ایسوسی ایشن آف ایگزبیشن انڈسٹری کے چیئرمین خورشید برلاس نے میجر جنرل (ر) ڈاکٹر نیئر نصیر کو دوسری میڈ ان پاکستان ایگزبیشن اینڈ بزنس انویسٹمنٹ کانفرنس میں شرکت کا دعوت نامہ بھی پیش کیا۔