اسلام آباد (پی پی اے) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کی زیرصدارت اسلام آباد پولیس کے سینئر افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہریوں کو بہتر سروس ڈیلیوری، کمیونٹی پولیسنگ کے منصوبوں اور پولیس افسران و اہلکاروں کی فلاح و بہبود سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد نے افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی سہولت اور پولیس ویلفیئر سے متعلق اقدامات کو مزید مؤثر بنایار جائے جبکہ کمیونٹی پولیسنگ کے منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور پولیس و عوام کے درمیان رابطے کو مزید مضبوط بنانا ترجیحات میں شامل ہے۔ محمد سہیل چوہدری نے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔ انہوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو اپنے دفتر مدعو کیا، ان کی خدمات کو سراہا اور تعریفی اسناد سے نوازا۔ آئی جی اسلام آباد نے افسران کو مزید دلجمعی، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ فرائض انجام دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور عوامی خدمت کو ذمہ داری اور فرض سمجھ کر ادا کرنے والے افسران محکمہ پولیس کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہترین کارکردگی کا اعتراف افسران کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ دیگر اہلکاروں کو بھی مزید محنت اور لگن سے فرائض انجام دینے کی ترغیب دیتا ہے۔ آئی جی اسلام آباد نے کہا، ’’میرے دفتر کے دروازے میری سپاہ کے لیے کھلے ہیں۔‘‘ بعد ازاں آئی جی اسلام آباد نے اپنے دفتر میں آرڈرلی روم کا انعقاد کیا، جہاں ذاتی اور محکمانہ نوعیت کے مسائل کے حل کے لیے آنے والے پولیس افسران کو خود سنا۔ انہوں نے مسائل کے حل کے لیے موقع پر ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو بروقت دادرسی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ پولیس افسران و اہلکاروں کی فلاح و بہبود، شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور مؤثر کمیونٹی پولیسنگ اسلام آباد پولیس کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں اور ان مقاصد کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا