اسلام آباد (پی پی اے) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد علی وسیم اور ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا نے شہر کے مختلف ڈیوٹی پوائنٹس کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات، چیکنگ کے عمل اور مجموعی امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا. ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے ڈیوٹی پر مامور افسران و جوانوں سے ملاقات کی اور انہیں ہمہ وقت چوکس اور الرٹ رہتے ہوئے پیشہ ورانہ انداز میں فرائض سرانجام دینے کی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور سکیورٹی ڈیوٹی کے دوران مشکوک افراد اور گاڑیوں کی مؤثر چیکنگ یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کسی بھی غیر معمولی صورتحال کی صورت میں فوری اور مؤثر ردعمل یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ دریں اثنا، ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے ریڈ زون اور ناکہ زیرو پوائنٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سکیورٹی انتظامات، چیکنگ کے عمل اور ڈیوٹی پر مامور افسران و جوانوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ ایس ایس پی آپریشنز نے افسران و جوانوں کو ہدایت کی کہ وہ مکمل الرٹ رہتے ہوئے مشکوک افراد، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی مؤثر چیکنگ کریں، سکیورٹی ڈیوٹی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی سے گریز کریں اور شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، شائستگی اور ذمہ دارانہ رویہ یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ، مؤثر سکیورٹی اور شہر میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گی۔ افسران و جوان پوری ذمہ داری، پیشہ ورانہ مہارت اور مستعدی کے ساتھ فرائض سرانجام دیں تاکہ شہریوں کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔