اسلام آباد (پی پی اے) وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے اور سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اسلام آباد پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں فلیگ مارچ کیا فلیگ مارچ کا مقصد سکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس کی تیاریوں کو یقینی بنانا ہے. تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری کے خصوصی احکامات پر منعقدہ فلیگ مارچ میں زونل ایس پیز سمیت اسلام آباد پولیس کے افسران اور جوانوں نے حصہ لیا ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے کہا کہ فلیگ مارچ کا بنیادی مقصد وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانا امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا ہے تاکہ شرپسند عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہو سکیں انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں سکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ بڑھا دی گئی ہے شہر میں کیپیٹل پٹرول کے دستے بھی گشت پر مامور ہیں کالے شیشوں غیر نمونہ نمبر پلیٹوں اور بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں. ڈی آئی جی علی وسیم نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقوں میں موجود رہیں اور سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کو باقاعدگی سے بریف کرتے رہیں انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ چیکنگ کے دوران پولیس اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع پکار 15 پر دے کر اپنا قومی فریضہ ادا کریں اسلام آباد پولیس کے مطابق شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اس مقصد کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی.