اسلام آباد (پی پی اے) اسلام آباد پولیس کے 40 افسران کو اگلے عہدوں پر ترقی دے دی گئی جن میں پانچ سب انسپکٹرز کو انسپکٹر جبکہ 35 اے ایس آئیز کو سب انسپکٹر کے عہدوں پر ترقی دی گئی ہے۔ آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے ترقی پانے والے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے پیشہ ورانہ ذمہ داریاں مزید محنت دیانتداری اور فرض شناسی سے ادا کرنے کی ہدایت کی ہے تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کے خصوصی احکامات پر ترقی پانے والے افسران کے اعزاز میں سینٹرل پولیس آفس اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں آئی جی اسلام آباد ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز محمد جواد طارق ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم اور دیگر سینئر افسران نے ترقی پانے والے افسران کو نئے عہدوں کے رینک لگائے اس موقع پر انہیں مبارکباد دی گئی اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا. آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ ترقیاں افسران کی محنت قابلیت اور محکمانہ خدمات کا اعتراف ہیں تاہم نئے عہدوں کے ساتھ ان کی ذمہ داریوں میں بھی اضافہ ہوا ہے انہوں نے ہدایت کی کہ افسران اپنی ذمہ داریاں محنت، دیانتداری فرض شناسی اور لگن کے ساتھ ادا کریں قانون کی بالادستی اور میرٹ کو مقدم رکھیں اور شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آتے ہوئے انہیں بہترین پولیس خدمات فراہم کریں شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور ان کے مسائل کا بروقت حل اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے. علاوہ ازیں آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ جرائم کی روک تھام اور فرائض کی بہترین انجام دہی میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے آپریشنز ڈویژن کے صدر زون کے افسران و جوانوں کو سینٹرل پولیس آفس مدعو کیا اور ان کی پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں تعریفی اسناد تقسیم کیں. اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ فرض شناسی محنت اور پیشہ ورانہ جذبے سے فرائض انجام دینے والے افسران و جوان اسلام آباد پولیس کا قیمتی اثاثہ ہیں ان کی کارکردگی کا اعتراف پوری فورس کے لیے مزید محنت اور ذمہ داری سے کام کرنے کی ترغیب ہے. انہوں نے امید ظاہر کی کہ ترقی پانے والے افسران اور تعریفی اسناد حاصل کرنے والے اہلکار اپنی ذمہ داریاں مزید لگن دیانتداری اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کرتے ہوئے اسلام آباد پولیس کی کارکردگی خدمات کی فراہمی اور محکمانہ نیک نامی میں بہتری کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے.