اسلام آباد (پی پی اے) انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے نمایاں پیشہ ورانہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و جوانوں کو تعریفی اسناد سے نوازتے ہوئے جرائم کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے. تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے ایس پی سٹی زون محمد خرم اشرف اور ان کی ٹیم سے ملاقات کی۔ اس موقع پر نمایاں پیشہ ورانہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و جوانوں کو سینٹرل پولیس آفس مدعو کیا گیا جہاں آئی جی اسلام آباد نے ان کی خدمات کے اعتراف میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ آئی جی اسلام آباد نے افسران و جوانوں کی محنت، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے اہلکار اسلام آباد پولیس کا قیمتی اثاثہ ہیں انہوں نے ہدایت کی کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے، جرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے