اسلام آباد (پی پی اے) ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد علی وسیم نے کھلی کچہری میں شہریوں کی شکایات سن کر ان کے فوری اور میرٹ پر ازالے کے احکامات جاری کیے، جبکہ بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پی او برانچ کے انچارج اور ان کی ٹیم کو نقد انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا. تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اس موقع پر انہوں نے شہریوں کے مسائل اور شکایات تفصیل سے سنیں اور ان کے فوری حل کے لیے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ضروری ہدایات جاری کیں ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کا فوری اور میرٹ پر حل اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ شہری بلا کسی سفارش براہِ راست کھلی کچہری میں شرکت کرکے اپنے مسائل پیش کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت اور شکایات کے بروقت ازالے کے لیے ڈی آئی جی آفس میں روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری منعقد کی جا رہی ہے تاکہ انہیں مؤثر ریلیف فراہم کیا جا سکے علاوہ ازیں ڈی آئی جی اسلام آباد نے بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی پر پی او برانچ کے انچارج اور ان کی ٹیم کو نقد انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا انہوں نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ محنت، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعتراف پولیس افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی اور کارکردگی میں مزید بہتری کے لیے اہم ہے. انہوں نے مزید کہا کہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی اور میرٹ کی بنیاد پر ان کی خدمات کا اعتراف اسلام آباد پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے اس اقدام کا مقصد پولیس فورس میں پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو فروغ دینا کارکردگی بہتر بنانا اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی پولیس خدمات کے معیار کو مزید مؤثر بنانا ہے