راولپنڈی (پی پی اے) ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی رانا ساجد صفدر کی ہدایات پر شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے اور انسدادِ سموگ اقدامات کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔ اصغر مال روڈ، غریب آباد روڈ، مسلم ٹاؤن اور فوجی کالونی سمیت مختلف علاقوں میں انٹی لٹرنگ اسکواڈ نے مجموعی طور پر 507 انسپکشنز کیں، جن کے دوران صفائی سے متعلق خلاف ورزیوں پر 85 افراد کو وارننگ نوٹس جاری کیے گئے۔ستھرا پنجاب کی کمیونیکیشن ٹیم نے ڈھوک کالا خان میں واقع الائیڈ اسکول میں آگاہی مہم کے دوران طلبہ کو سموگ کی روک تھام، کوڑا کرکٹ کو مناسب طریقے سے تلف کرنے اور ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے حوالے سے لیکچر دیا۔ اس موقع پر طلبہ میں آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے تاکہ وہ صفائی اور ماحولیاتی تحفظ کے پیغام کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنا سکیں۔کمیونیکیشن ٹیم نے اسکول کے پرنسپل سے ملاقات کے دوران اپیل کی کہ صفائی اور انسدادِ سموگ سے متعلق آگاہی کو اساتذہ اور طلبہ کے ذریعے ان کے گھروں اور متعلقہ علاقوں تک پہنچایا جائے، تاکہ اجتماعی کوششوں سے گندگی اور فضائی آلودگی پر قابو پانے میں مدد مل سکے۔شہر اور تحصیلوں میں سموگ کی روک تھام کے لیے سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ، سڑکوں کے اطراف اور کناروں سے مٹی ہٹانے، روزانہ ویسٹ لفٹنگ، کنٹینرز کی صفائی، دستی جھاڑو، مشینی صفائی دستی دھلائی اور مشینی دھلائی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ان اقدامات کا مقصد گردوغبار میں کمی لانا اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی رانا ساجد صفدر کی ہدایات کے مطابق صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے اور انسدادِ سموگ اقدامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے فیلڈ ٹیمیں متحرک ہیں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کوڑا کرکٹ سڑکوں اور عوامی مقامات پر پھینکنے سے گریز کریں، صفائی کے عملے سے تعاون کریں اور شہر کو صاف ستھرا رکھنے سمیت سموگ کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں