پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

عالمی بینک کے تعاون سے جاری واٹر ٹریٹمنٹ کے مختلف منصوبوں پر کام جاری, سیکرٹری بلدیات

کراچی (پی پی اے)سیکرٹری بلدیات، ہاوئسنگ و ٹاون پلاننگ سندھ نجم احمد شاہ کی زیر صدارت اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں ، میٹرو پولیٹن کمشنر کراچی افضال زیدی ،ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ خان، اسپیشل سیکرٹری ٹیکنکل طحہ فاروقی، پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ ڈپارٹمنٹ سے خالد محمود شیخ سمیت دیگر اہم افسران نے شرکت کی۔
سیکرٹری بلدیات نجم احمد شاہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ عالمی بینک کے تعاون سے جاری واٹر ٹریٹمنٹ کے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے اور مزید پیش رفت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر شرکا میٹنگ سے اظہار خیال کرتے ہوئے نجم احمد شاہ کا کہنا تھا کہ محکمہ بلدیات سندھ نے تمام غیر ملکی امداد کی مدد سے چلنے والے منصوبوں میں شفافیت اور بروقت تکمیل کو بنیادی اہمیت دی ہے، لہذا اس امر کا بطور خاص خیال رکھا جائے کہ کسی بھی طرح کی غیر ضروری تاخیر اور کوتاہی نہ ہو۔
سیکرٹری بلدیات ، ہاوئسنگ و ٹاون پلاننگ کے مطابق تمام پراجیکٹ ڈائریکٹرز کی یہ اولین ترجیح ہونی چاہئے کہ کنسلٹنسی فرموں اور ٹھیکداروں کے انتخاب میں ورلڈ بینک کے معیار کے مطابق میرٹ پر انتخاب کیا جائے اور ذاتی پسند یا اقربا پروری کو ہرگز فروغ نہ دیا جائے۔ نجم احمد شاہ نے زور دیا کہ تمام زیر تکمیل منصوبہ جات کی تازہ ترین کارکردگی اور دورانئے کی تفصیل پر مرتب رپورٹ ان کو باقاعدگی سے پیش کی جائے اور ہر صورت عوامی مفاد اور منفعت کو ملحوظ خاطر رکھا جائے بعد ازاں خصوصی گفتگو میں نجم احمد شاہ نے بتایا کہ محکمہ بلدیات حکومت سندھ کے روشن وژن کے مطابق ہر منصوبے کی بروقت شفافیت کے ساتھ تکمیل ان کا نصب العین ہے اور تمام بلدیاتی اداروں میں محکمہ جاتی اصلاح اور ترقی کا عمل پوری آب و تاب سے جاری ہے۔ سیکرٹری بلدیات سندھ کا مزید کہنا تھا کہ ان کی تمام تر کوشش ہے کہ محکمہ بلدیات سندھ ، ہاوسنگ و ٹاون پلاننگ کو عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کردیا جائے تاکہ آنے والی نسلیں اس پیش رفت سے استفادہ حاصل کرسکیں

Leave A Reply

Your email address will not be published.