پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

سندھ حکومت نے عوام کو پھرکرونا الرٹ جاری کردیا

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ شہریوں میں ایک تاثر اُبھرا ہے کہ کورونا وائرس  پاکستان سے ختم ہوگیا ہے، یہ تاثر غلط ہے، کورونا وائرس ابھی بھی پاکستان بھر میں موجود ہے۔

سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی جانب سے صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق ایک کا اہم ویڈیو بیان جاری کیا گیا ہے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر رواں برس مارچ میں سندھ حکومت نے اہم فیصلے کیے، فیصلوں پر عملدرآمد میں شہریوں نے حکومت کا بھرپور ساتھ دیا، تمام افرد کے تعاون کی وجہ سے سندھ میں کورونا وائرس کیسز کی شرح ایک فیصد تک محدود رہی۔

مرتضیٰ وہاب نے پاکستان سے کورونا وائرس کے ختم ہو جانے کے تاثر کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ تشویشناک بات یہ ہے کہ کورونا وائرس کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، گزشتہ روز سندھ میں کورونا وائرس کے کیسز کی شرح بڑھ کر ساڑھے چھ فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کرتے مزید کہا کہ خدارا ہمیں احتیاط برتنے کی سخت ضرورت ہے، گھروں سے نکلے وقت ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلہ ضرور بر قرار رکھیں۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ سرد موسم میں نزلہ زکام اور کھانسی کی شکایات عام ہو رہی ہیں، ایسے میں اپنی حکومت کے ساتھ پہلے جیسا تعاون کرتے ہوئے ماسک کا ضرور استعمال کریں، اپنے چہرے منہ اور ناک کو ماسک یا کپڑے سے ضرور ڈھانپیں۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ دفاتر، تجارتی مراکز، شادی بیاہ کی تقریبات، ریستوران اور رش والے مقامات پر سماجی فاصلہ اور ماسک کا استعمال ناگزیر ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.