پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

کمشنر راولپنڈی ڈویژن کیپٹن ( ر) محمد محمود نے چکوال کے میگا پراجیکٹس پر عملدرآمد کے لئے ابتدائی انتظامات میں سست روی کا سخت نوٹس لیا

کمشنر راولپنڈی ڈویژن کیپٹن ( ر) محمد محمود نے چکوال کے میگا پراجیکٹس پر عملدرآمد کے لئے ابتدائی انتظامات میں سست روی کا سخت نوٹس لیا ہے اور متعلقہ تعمیراتی محکموں کی مقامی انتظامیہ کو احکامات جاری کئے ہیں کہ انتظامات کی بلا تاخیر تکمیل یقینی بنائی جائے تاکہ میگا پراجیکٹس پر تعمیراتی کام جلد از جلد شروع کیا جا سکے۔

یہ احکامات دورہ چکوال کے موقع پر ڈی سی آفس میں منعقدہ اجلاس میں ضلع کے ترقیاتی عمل کے جائزہ کے دوران جاری کئے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) بلال ہاشم بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اجلاس میں اے ڈی سی آر مصور خان نیازی، اے ڈی سی جی عنبر گیلانی، اے ڈی سی ایف اینڈ پی اشعر اقبال،اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر سرکاری محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔

کمشنرراولپنڈی ڈویژن کیپٹن ( ر) محمد محمود نے چکوال میں 500 بستروں پر مشتمل ہسپتال ، لطیفال میں 20 بستروں کے ہسپتال، یونیورسٹی آف چکوال کے قیام ، ڈھڈیال بائی پاس، چکوال ناردرن بائی پاس اور 500 کے وی گرڈ سٹیشن چکوال کی تعمیر پر مبنی میگا پراجیکٹس پر عملدرآمد کے انتظامات کی تیز رفتار تکمیل یقینی بنانے کے لئے ڈپٹی کمشنر کو مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔اجلاس کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ فضل شیر اور تعمیراتی محکموں کے افسران نے کمشنر راولپنڈی ڈویژن کو سیکٹورل ڈویلپمنٹ کی جاری سکیموں پر اب تک کئے گئے عملدرآمد کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نے بریفنگ میں بتایا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ضلع میں ہائی ویز ،بلڈنگز ، لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی مجموعی طور پر 80 ترقیاتی سکیمیں جاری ہیں جو 13176 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کی جائیں گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.