دیپالپور پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین نے اوکاڑہ یونیورسٹی میں اسمارٹ یونیورسٹی پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا
دیپالپور پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین نے اوکاڑہ یونیورسٹی میں اسمارٹ یونیورسٹی پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا
قلیل مدت اور وسائل میں یونیورسٹی کی مثالی تعمیر و ترقی پہ وائس چانسلر کو مبارک باد پیش کرتا ہوں: پروفیسر فضل خالد
اوکاڑہ یونیورسٹی اعلی تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ماحولیاتی وسائل کے تحفظ کے لیے بھی کوشاں ہے: پروفیسر زکریا ذاکر
پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئر مین پرفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد نے کل اوکاڑہ یونیورسٹی کا دورہ کیا اور وہاں پہ اسمارٹ یونیورسٹی پراجیکٹ کا افتتاح کیا ۔ اس پراجیکٹ کا مقصد204 ایکڑ پہ محیط کیمپس میں تمام طلباء کو تیز اسپیڈ انٹرنیٹ فراہم کرنا ہے۔
مقامی صحافیوں کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے پروفیسر فضل نے کم مدت اور قلیل مالی وسائل کے باوجود اوکاڑہ یونیورسٹی کے انتظامی اور تعلیمی ڈھانچے کی مثالی تعمیر و ترقی پہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے حکومت کی گرین اینڈ کلین پاکستان مہم میں اوکاڑہ یونیورسٹی کے کردار کی بھی تعریف کی۔
ایک جدید یونیورسٹی کے کردار پہ بات کرتے ہوئے ان کا کہناتھا کہ اکیسویں صدی کی یونیورسٹیوں کا کام محض ڈگری دینا نہیں بلکہ جاب مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق طلباء میں صلاحیتیں پیدا کرنا اور ان کی کردار سازی کرنا بھی ہے۔
انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ پی ایچ ای سی تمام ایریا ز میں اوکاڑہ یونیورسٹی کی انتظامیہ کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نئی یونیورسٹیوں کو مقامی اور بین االاقوامی سطع پر روابط قائم کرنے اور اپنی رینکنگ کو بہتر بنانے کے حوالے سے مدد دے رہے ہیں۔
اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے یونیورسٹی کے دورے کے لیے وقت نکالنے اور ادارے کو تعاون فراہم کرنے پر پروفیسر فضل کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے لوئر باری دو آب نہر اور اس کے گردو نواح میں موجود جنگل میں پائی جانے والی آبی اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے ایک ریسرچ سنٹر کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے اوکاڑہ یونیورسٹی کے کمیونٹی آوٹ ریچ پروگرام کے دوسرے مرحلے کا بھی اعلان کیا۔ اس مرحلے میں اوکاڑہ کے مضافاتی علاقوں کے غریب گھرانوں کی لڑکیوں کو یونیورسٹی بلایاجائے گا اور ان کو اعلی تعلیم حا صل کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔