لاہورمیں صارفین بجلی کی شکایات کے ازالے کے لئے لیسکو کی جانب سے ای- کچہری کا انعقاد
لاہورمیں صارفین بجلی کی شکایات کے ازالے کے لئے لیسکو کی جانب سے ای- کچہری کا انعقاد۔ترجمان لیسکو چیف ایگزیکٹو لیسکو مجاہد پرویز چٹھہ نے آج لیسکو ہیڈ کوارٹر میں فیس بک کے لائیو سیشن کے ذریعے صارفین کی شکایات سُنیں اور شکایات کے فی الفور ازالے کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ لیسکو کی خصوصی ای کچہری میں تمام فنکشنل ہیڈز بھی موجود تھے جبکہ تمام آپریشن سرکلز کے ایس ایز نے بھی آن لائن فیس بک سیشن میں شرکت کی۔لیسکو کی جانب سے خصوصی طور پر منعقد کی جانے والی اس ہفتہ وار ای کچہری میں ریجن کے تمام سرکلز میں رہائش پذیر صارفین بھی اپنے مسائل کے بروقت حل کے لئے بھرپور شرکت کرتے ہیں۔آج منعقد ہونے والی لیسکو کی ای-کچہری میں مختلف نوعیت کی تقریباً 105 شکایات موصول ہوئیں جن میں بجلی بلوں کی اقساط، ہائی وولٹیج تاروں کی منتقلی، ٹرانسفارمر اپ گریڈیشن، بل درستگی،بکٹ ٹرالیاں،ٹرانسفارمرز کی دستیابی،ٹیوب ویل کنکشنز، میٹر منقطع ہونے اور میٹر نہ لگنے سے متعلق شکایات شامل ہیں۔چیف ایگزیکٹو لیسکو مجاہد پرویز چٹھہ نے موصول شدہ شکایات پر متعلقہ افسران کو فی الفور ہدایات جاری کئیں۔ان کا کہنا تھا کہ صارفین کی شکایات کے ازالے کو مکمل طور پر یقینی بنایا جائے۔واضح رہے کہ یہ ای کچہریاں وزیراعظم پاکستان اور وزارت توانائی کی خصوصی ہدایات پر شروع کی گئی ہیں۔ جن کا مقصد ملک بھر میں پھیلی کورونا وائرس کی وباء کو مدِ نظر رکھتے ہوئے عوامی شکایات کا ان کے گھر کی دہلیز پر ہی ازالہ کیا جانا ہے۔ اسی تناظر میں لیسکو چیف اپنی ٹیم کے ہمراہ ہفتہ وار بنیاد پر اپنے فیس بک پیج LESCO PMDU کے ذریعے عوام کی شکایات وصول کرتے ہیں جن کے فی الفور ازالے کو ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جاتا ہے۔ لیسکو صارفین کی جانب سے ای کچہریوں کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا گیا ہے کہ وباء کے دوران لیسکو کی جانب سے اٹھائے گئے اس طرح کے مثبت اقدامات سے صارفین بجلی کو مزید ریلیف حاصل ہو گا۔