پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

معذور افراد کو ٹرانسپورٹ کرایوں میں 50 فیصد تک کمی کا فیصلہ

لاہور : معذور افراد کیلئے محتسب پنجاب کا ایک اور احسن اقدام، معذوری کا سرٹیفکیٹ رکھنے والے افراد کو ٹرانسپورٹ کرایوں میں 50 فیصد تک کمی کر دی۔ محتسب پنجاب نے معذور افراد کو 50 فیصد رعایت نہ دینے پر نوٹس لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب سے معذوری کارڈ رکھنے والے معذور افراد کو کرایوں میں 50 فیصد ڈسکاونٹ کے احکامات کی خلاف ورزی پر دفتر محتسب کو درجنوں درخواستیں موصول ہوئیں۔ جس پر محتسب پنجاب نے نوٹس لے کر پالیسی پر عملدرآمد کے احکامات جاری کر دیئے۔

محتسب پنجاب میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان خان نے صوبائی انتظامیہ کو حکومتی اقدامات پر بھر پور عملدرآمد کیلئے ہدایات جاری کیں۔ انتظامیہ کو کہا گیا کہ حکومتی پالیسی پر عملدرآمد کروائیں تاکہ اس پالیسی کے مثبت ثمرات معذور افراد کو حاصل ہوں اور وہ اس سہولت سے فائدہ بھی اٹھائیں۔مزید یہ بھی کہا گیا کہ صوبائی انتظامیہ فلاحی پالیسی کو اس کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے 15 دن کے اندر تمام ضلعی سطح پر موثر مانیٹرنگ سسٹم بنایا جائے۔ ضلعی اور ریجنل سطح پر ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کی کارکردگی کو مانیٹر بھی کیا جائے۔ بس اسٹینڈز پر بینرز لگائے جائیں اور فلیکس آویزاں کئے جائیں۔ تاکہ معاشرے کے اس طبقے کو ریلیف فراہم کرنے میں مدد حاصل ہو سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.