پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

کراچی منظور کالونی میدان جنگ, محمود آباد میں نالے پر تجاوزات کے خلاف آپریشن شدید مزاحمت کے بعد ملتوی

کراچی ضلع شرقی کے علاقے محمود آباد میں نالے پر تجاوزات کے خلاف آپریشن شدید مزاحمت کے بعد ملتوی،دن بھر مکینوں کی جانب سے شدیدہنگامہ آرائی، پتھر لگنے سے دو افراد زخمی ہو گئے ۔شہید ملت ایکسپریس وے اور اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام رہا پولیس اور علاقہ مکین آمنے سامنے آگئے مظاہرین نے متعدد گاڑیوں کے شیشے توڑ دیئے۔تفصیلات کے مطابق کے ایم سی ،ضلعی انتظامیہ اور پولیس جمعرات کی صبح محمود آباد نالے پر قائم تجاوزات کے خاتمے کیلئے منظور کالونی کے علاقے میں پہنچتے ہی سیکڑوں مکین سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج شروع کر دیا۔

منظور کالونی فائر اسٹیشن کا علاقہ میدان جنگ بن گیا، کے ایم سی کا عملہ فائر اسٹیشن کے اندر محصور ہو کر رہ گیا، کے ایم سی کی مشینری اور گاڑیوں پر پتھراؤ سے شیشے ٹوٹ گئے، انتظامیہ دن بھر تجاوزات کے خلاف آپریشن کی کوشش کرتی رہی ایک موقع پر خواتین احتجاج کرتے ہوئے پولیس کی بکتر بند گاڑی کے سامنے آگئیں۔بعد ازاں پولیس حکام اور مظاہرین کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات ہوئے اور شام کو آپریشن کو عارضی طور پر ملتوی کر دیا گیا، شہید ملت ایکسپریس وے کے دونوں ٹریک پر ٹریفک صبح سے شام تک معطل رہا اور پورا علاقہ میدان جنگ بنا رہا، کورنگی کاز وے رکاوٹیں لگا کر بند کردی گئی تھی، بلوچ کالونی پل پربھی بد ترین ٹریفک جام رہا،شہید ملت ایکسپریس وے پر قیوم آباد سے منظور کالونی تک بدترین ٹریفک جام رہا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ محمودآباد نالے پر آٹھ سو کے قریب مکانات کی نشاندہی کی گئی ہے جو نالے کی زمین پر بنائے گئے ہیں جس کےباعث نالے کی چوڑائی کم ہو گئی ہے اور زیادہ بارش کی صورت میں قریبی آبادیوں کے گھروں میں پانی داخل ہو جاتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.