پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

بختاور بھٹو کی منگنی کے سوشل میڈیا پر چرچے، تصاویر وائرل

کراچی : طویل عرصے بعد بلاول ہاؤس کراچی میں شادیانے بجے، محترمہ بینظیر بھٹو شہید اور سابق صدر آصف علی زرداری کی بیٹی بختاور بھٹو زرداری کی منگنی انجام پاگئی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق بختاور بھٹو زرداری نے اپنی منگنی کے موقع پر ہلکےگلابی رنگ کاجوڑا زیب تن کیا، بختاور اور محمود چوہدری نے ایک دوسرے کو منگنی کی انگوٹھی پہنائی۔

ڈاکٹروں کے مشورے کے بعد آصف زرداری اسپتال سے تقریب میں شرکت کے لیے گھر پہنچے اور اس یادگار لمحات میں شریک ہوئے، چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو قرنطینہ میں ہونے کے باعث آن لائن بہن کی منگنی میں شریک ہوئے، تقریب کے دوران آن لائن بلاول کو بہنیں مسلسل تقریب کے مناظر دکھاتی رہیں۔

تقریب میں شریک محمود چودھری کے اہلخانہ کا وفد 12 سے15 افراد پر مشتمل تھا، اس کے علاوہ تقریب میں بحریہ ٹاؤن کے ملک ریاض حسین، فاروق ایچ نائیک، سینیٹر شیری رحمان، انور مجید سمیت دیگر شخصیات بھی شریک ہوئے۔

منگنی کی تقریب میں مہمانوں کی تواضع پاکستانی اور انگریزی کھانوں سے کی گئی، سابق صدر آصف زرداری تمام وقت تقریب میں مہمانوں سے ملتے اور مبارکباد وصول کرتے رہے۔منگنی کی تقریب سے قبل سابق صدر آصف علی زرداری کی بیٹی بختاور بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ آج کادن بہت جذباتی ہے،آپ سب کے پیار اور دعاؤں کا شکریہ، ہماری خوشیوں میں شامل پیپلزپارٹی کےکارکنوں کابھی شکریہ، یہ صرف شروعات ہے ہم سب کورونا کے بعد ملکر خوشیاں منائیں گے، شہیدبینظیربھٹو اور پورے خاندان کودعاؤں میں یاد رکھیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.