پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

بھارت میں پراسرار بیماری، کئی سو افراد متاثر، ایک ہلاک

بھارتی ریاست آندھرا پردیش (اے پی) میں ایک پراسرار بیماری کے سبب کئی سو افراد اسپتال میں داخل کرنا پڑا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اے پی میں سامنے آنے والی اس پراسرار بیماری سے اب تک ایک فرد کی موت واقع ہوگئی ہے۔رپورٹ کے مطابق آندھر پردیش کے ایلورو شہر میں اچانک ہی کئی سو افراد کو الٹیوں، بیہوشی اور مرگی کے دورے پڑنے کی شکایات ہونے لگی۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق ہفتے کی رات سے مسلسل مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے جبکہ ریاست کے وزیراعلیٰ نے بھی سرکاری اسپتال کا دورہ کیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کو آندھر پردیش کے وزیراعلیٰ وائی ایس جگموہن ریڈی نے ایلورو کے سرکاری اسپتال کا دورہ کیا ہے اور مریضوں سے ملاقات کے دوران تمام تر طبی امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعلیٰ نے اسپتال میں اچھی کوالٹی کے کھانے کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چیف میڈیکل افسر نے وزیراعلیٰ کو دی گئی بریفنگ میں بتایا کہ یہ بیماری صرف ایلورو کے شہری علاقوں تک ہی محدود نہیں بلکہ دیہی علاقوں سے بھی اس کی اطلاع ملی ہے۔دوسری طرف ریاست کے سابق وزیراعلیٰ این چندر بابو نائیڈو نےموجودہ صورتحال میں طبی ایمرجنسی کے نفاذ اور معاملے کی فوری انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں انہوں نے ریاستی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور پراسرار بیماری کو پانی میں آلودگی سے جوڑا ہے۔انہوں نے کہاکہ ایلورو کے پانی میں آلودگی کی وجہ سے آندھر پردیش میں ہیلتھ ایمرجنسی کی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔

اس سے قبل چیف میڈیکل افسر کہہ چکے تھے کہ مختلف علاقوں میں پینے کی پانی کی جانچ پڑتال کی گئی ہے اور تمام ہی رپورٹس نارمل آئی ہیں۔میڈیار پورٹس کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کم از کم 340 افراد اس بیماری کی زد میں آئے ہیں، جن میں سے 157 کا اب بھی علاج جاری ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق پراسرار بیماری سے ایک شخص کی موت ہوچکی ہے جبکہ 168 افراد کو اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق حکام کے مطابق 56 ڈاکٹروں کی ایک ٹیم اس بیماری کے بارے میں پتہ لگا رہی ہے، جس میں کچھ اسپیشلسٹ ڈاکٹر بھی شامل ہیں۔حکام کے مطابق اس علاقے کے مزید 50ہزار سے زائد گھروں کا جائزہ لیا جارہا ہے تاکہ اس پراسرار بیماری کا پتا چل سکے۔اس بھارتی ریاست میں 8 لاکھ افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، وباسے متاثرہ ریاستوں میں یہ تیسرے نمبر پر ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.