پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

3 ہزار روپے میں 10سال کے لئے پاکستانی پاسپورٹ کارآمد ہوگا، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ غریب لوگوں کو 3 ہزار روپے کی فیس پر 10سال کے لئے کارآمد پاسپورٹ جاری ہوگا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ہم نے پاسپورٹ سے متعلق تاریخی فیصلے کیے ہیں، 28 اپریل سے نیا پاسپورٹ جاری کرنے جارہے ہیں،

آفیشل اور ریڈ پاسپورٹ کو تبدیل نہیں کیا، مشرقی وسطیٰ جانے والوں کو 10 سال کے لئے پاسپورٹ جاری کریں گے، غریب لوگوں کو 3 ہزار روپے کی فیس پر 10سال کے لئے پاسپورٹ جاری ہوگا۔ سی پیک میں کام کرنے والے چینی شہریوں کیلئے ویزا کی سہولت مزید آسان کریں گے، بیرون ملک مقررہ معیاد سے زائد عرصے سے مقیم 64 سرکاری افسران کو 120 دن میں واپس بلایا جائے گا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کابینہ نے مجھے ای سی ایل کمیٹی کا انچارج بنایا ہے، جرائم میں ملوث لوگوں کے علاوہ دیگر کو بلیک لسٹ سے نکالا جائے گا، بلیک لسٹ میں ایک لاکھ کے قریب لوگ ہیں، جنہیں 25 ہزار تک لایا جائےگا۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم نے ابھی پی ڈی ایم کے استقبال کے لئے کوئی ہدایت نہیں کی، میرا سیاسی تجزیہ ہے کہ اپوزیشن سینیٹ انتخابات میں حصہ لے گی، پیپلزپارٹی اچھا کھیل رہی ہے، وہ ضمنی الیکشن کی تیاری کر رہی ہے اور سینیٹ الیکشن میں بھی حصہ لے گی، فساد کی اصل جڑ مولانا فضل الرحمان ہے، وہ ملک، سیاست اور اپنے اوپر رحم کریں، دہشتگردوں کے نشانے پر جو 20 سیاستدان ہیں ان میں مولانا فضل الرحمان سب سے اوپر ہیں۔ بے نظیر کی جان کو خطرے سے آگاہ کرنے والوں کے خلاف مقدمہ کیا گیا ، ایسا نہ ہو مستقبل میں مجھ پر مقدمہ درج کردیا جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.