جھنگ مرکزی جمعیت اہل حدیث و قرآن و سنہ موومنٹ جھنگ کے ہفتہ وار ” نفاذ اسلام "
جھنگ مرکزی جمعیت اہل حدیث و قرآن و سنہ موومنٹ جھنگ کے ہفتہ وار ” نفاذ اسلام ” پروگرام کے 9 سال مکمل ہونے پر مرکزی جامع مسجد فیصل نیا شہر میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں قائد یوتھ فورس قاری نسیم اکرم یزدانی آف ڈسکہ اور مولانا بدر نصیر سلفی نے ” اخلاق مصطفےٰ” صلی اللہ علیہ وسلم پر تفصیلی بیان دیا.پروگرام میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی. قاری نسیم اکرم یزدانی نے اخلاق مصطفےٰ ﷺ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آپ ﷺ نے اچھا اخلاق اپنا کر نفاذ اسلام کی بنیاد رکھی. آپ ﷺ نے فرمایا کہ میری امت میں سب سے بہتر وہ شخص ہے جس کا اخلاق اچھا ہے. آپ ﷺ پر اسلام کے ابتدائی دنوں میں اہل مکہ کی جانب سے ظلم و تشدد کے پہاڑ ڈھائے گئے لیکن آپ ﷺ نے کبھی کسی کو بد دعا نہ دی.مولانا بدر نصیر سلفی نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ ہمیشہ سلام میں پہل کرتے اور ملاقات کرتے وقت گرمجوشی سے مصافحہ کرتے اور مسکرا کر گفتگو کرتے. نبی کریم ﷺ اپنے گھر والوں سے نہایت حسن سلوک سے پیش آتے . آپ ﷺ اپنے صحابہ کرام کو ہمیشہ سلام میں پہل کرنے، صلہ رحمی کرنے، ایک دوسرے کو کھانا کھلانے اور رات کو قیام کرنے کی ترغیب دیتے. آپ ﷺ نے فرمایا کہ جو شخص یہ چار کام کرے گا اللہ تبارک و تعالیٰ اسکو جنت الفردوس میں سلامتی کے ساتھ داخل کریں گے. پروگرام کے بعد امت مسلمہ اور پاکستان کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں.