پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ترک وزیر خارجہ میولود چاوش اولو کو پاک ترک تعلقات کے استحکام کے اعتراف میں دوسرا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ہلال پاکستان عطا کیا

اسلام آباد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ترک وزیر خارجہ میولود چاوش اولو کو پاک ترک تعلقات کے استحکام کے اعتراف میں دوسرا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ہلال پاکستان عطا کیا
ایوارڈ دینے کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی جس میں ترک وزیر خارجہ کے ہمراہ آنے والے وفد کے علاوہ وفاقی وزرا اور سول حکام نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔
اس موقع پر سیکرٹری کابینہ ڈویژن سردار احمد نواز سکھیرا نے دو طرفہ تعلقات کے استحکام کے لئے ترک وزیر خارجہ کی خدمات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترک وزیر خارجہ نے امن و سلامتی کے لئے نمایاں اقدامات کئے اور پاک ترک تعلقات کے استحکام اور ان تعلقات کو سٹریٹیجک شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لئے اہم کردارادا کیا۔
ہلال پاکستان کا ایوارڈ پاکستان کے قومی مفاد ، شاندار ثقافتی و سماجی خدمات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔ اب تک جن غیر ملکیوں نے یہ اعزاز حاصل کیا ان میں نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن، چینی وزیر خارجہ وینگ ژی اور پاکستان کے لئے سابق چینی سفیر یاؤ جن شامل ہیں ترک وزیر خارجہ دوسرے پاک ترک آذربائیجان سہ فریقی اجلاس میں شرکت کے لئے پاکستان آئے ہوئے ہیں۔ ہلال پاکستان کے اعزاز کی تقریب سے قبل ترک وزیر خارجہ نے صدر مملکت سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاملاقات میں پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارت وثقافت کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ کاروبار کرنے میں آسانی کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی پوزیشن میں زبردست بہتری آئی ، ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان کے کاروبار دوست ماحول سےفائدہ اٹھانے کی ضرورت ہےصدر عارف علوی نے مقبوضہ جموں وکشمیر پر پاکستان کی اصولی حمایت پر ترک قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ صدر نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ترک صدر کی حالیہ تقریر میں کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کورونا وائرس کی عالمی وبا سے نمٹنے میں ترکی کے عالمی کردار کی بھی تعریف کی۔
ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ ترکی پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے کا خواہاں ہے، ترکی ترک کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئےحوصلہ افزائی کرتارہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی تمام بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔ نگورنو کاراباخ پر آذربائیجان کی حمایت پر ترکی پاکستان کے تعاون کو سراہتا ہے۔ ملاقات میں فریقین نے اسلاموفوبیا، نفرت انگیز تقاریر اور اسلام کے خلاف عدم رواداری سے نمٹنے کے لئے مشترکہ اقدامات پر مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.