پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے وارڈن نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے کمسن بچی کی جان بچا لی

راولپنڈی(پی پی اے )سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے وارڈن نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے کمسن بچی کی جان بچا لی۔تفصیلات کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے لفٹر آپریٹر عنصر عباس نے باڑا مارکیٹ کے قریب دوران ڈیوٹی نو پارکنگ میں کھڑی گاڑی نمبرPH-725 کو لفٹ کرنے لگا تو اس میں ایک معصوم بچی کو غشی کی حالت میں پایا جس پر ٹریفک وارڈنز نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے گاڑی کا شیشہ توڑ کر بچی کو باہر نکالا اور ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ جب بچی کے والدین شاپنگ سے واپس آئے تو انھیں واقع کا علم ہوا جس پر انھوں نے ٹریفک وارڈن کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں ایسا عمل نہ دہرانے کی یقین دہانی کروائی ۔ چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی رائے مظہر اقبال نے ٹریفک وارڈن کی بروقت کاروائی کرنے پر تعریفی سرٹیفیکیٹ اور نقد انعام کا اعلان کیا۔ اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی کا کہنا تھا کہ راولپنڈی ٹریفک پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے دن رات کی تمیز کیے بغیر ہر دم کوشاں ہے ۔تاہم انھوں نے والدین کی غفلت اور غیر ذمہ دارانہ فعل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا والدین خود بھی ذمہ داری کا مظاہر ہ کریں اور اس حوالے سے احتیاط سے کام لیتے ہوئے بچوں کو اکیلے گاڑی میں نہ چھوڑیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.