پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

اسلام آباد (پی پی اے)آئی ایم ایف کا پاکستان سے ایک بار پھر بجلی کی قیمت اور ٹیکس بڑھانے کا مطالبہ

اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان اسٹاف سطح کے مذاکرات حتمی مرحلے میں داخل ہوگئے، آئی ایم ایف نے پاکستان کو بجلی کی قیمت، انکم و سیلز ٹیکس اور ریگولیٹری ڈیوٹیز بڑھانے کی تجاویز دے دیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو رواں مالی سال کے لیے مقرر کردہ ٹیکس وصولیوں کے ہدف پر نظر ثانی کرنے پر زور دیا جارہا ہے اور آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو ٹیکس وصولیوں کا ہدف 5.8 ٹریلین روپے سے بڑھا کر 6.3 ٹریلین روپے مقرر کرنے کی تجویز دی جارہی ہے۔اس نظر ثانی شدہ ہدف کے حصول کے لیے سیلز ٹیکس میں دی جانے والی غیر ضروری چھوٹ ختم کرنے اور اسی طرح انکم ٹیکس میں چھوٹ ختم کرنے کے ساتھ ساتھ آئی ایم ایف کی جانب سے مزید ریونیو اکٹھا کرنے کے لیے اقدامات بھی تجویز کیے گئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ٹیم اور آئی ایم ایف کی ٹیم کے درمیان مذاکرات اب حتمی مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں اور توقع ہے کہ اسٹاف سطح کے مذاکرات 15 اکتوبر 2021ء تک مکمل ہوجائیں گے،اسی طرح پالیسی سطح کی حتمی بات چیت وزیر خزانہ شوکت ترین اپنے دورہ واشنگٹن کے دوران کریں گے جس کے لیے وزیر خزانہ شوکت ترین آئندہ منگل کو امریکا کے دورے پر جارہے ہیں جہاں وہ آئی ایم ایف و عالمی بینک کے سالانہ اجلاس میں شرکت کریں گے اور اہم سائیڈ لائن میٹنگز بھی کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.