سندھ کا 3.562 کھرب روپے کا بجٹ پیش، تنخواہوں اور پنشن میں 7 فیصد اضافہ، کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں
کراچی(پی پی اے) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مالی سال 2026-27ء کا 3.562 کھرب روپے حجم کا بجٹ سندھ اسمبلی میں پیش کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 7 فیصد اضافے ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2022ء اور 2025ء کو بنیادی تنخواہ میں ضم کرنے اور کم از کم ماہانہ اجرت 40 ہزار روپے سے بڑھا کر 43 ہزار روپے مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے بجٹ تقریر کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں عوامی ریلیف معاشی استحکام اور ترقیاتی عمل کو ترجیح دی گئی ہے، جبکہ عوام اور کاروباری طبقے پر کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا گیا سید مراد علی شاہ نے کراچی میں سندھ انٹرنیشنل فنانشل سینٹر کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ مرکز انفراسٹرکچر فنانس اسلامی فنانس کلائمیٹ فنانس فِن ٹیک مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کی سرمایہ کاری کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گا ان کا کہنا تھا کہ کراچی کو خطے کے ایک بڑے مالیاتی اور سرمایہ کاری مرکز میں تبدیل کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے وزیراعلیٰ نے کیٹی بندر کو عالمی بحری لاجسٹکس صنعتی اور توانائی مرکز بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون اور تھر کے توانائی وسائل سے منسلک ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پورٹ قاسم کے بعد کیٹی بندر سندھ کی معاشی ترقی کا اگلا بڑا سنگِ میل ثابت ہوگا اور پاکستان کو عالمی تجارتی راستوں سے مزید مضبوط انداز میں جوڑے گا۔توانائی کے شعبے میں اہم اعلانات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ 18 ارب روپے کی لاگت سے 2 لاکھ 75 ہزار مفت سولر ہوم سسٹمز تقسیم کیے جائیں گے، جبکہ متوسط طبقے کے لیے رعایتی سولر فنانسنگ پروگرام بھی متعارف کرایا جائے گا انہوں نے کہا کہ سندھ کو قابلِ تجدید توانائی اور گرین انرجی کا مرکز بنانے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے
سالانہ ترقیاتی پروگرام اے ڈی پی کا حجم 400 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے جس میں بلدیاتی و میونسپل انفراسٹرکچر کے لیے 121.6 ارب روپے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے لیے 40.9 ارب روپے، ٹرانسپورٹ و مواصلات کے لیے 39.5 ارب روپے آبپاشی کے لیے 30.9 ارب روپے تعلیم کے لیے 25.9 ارب روپے اور صحت کے شعبے کے لیے 17.4 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ گریٹر کراچی سیوریج پلان لیاری ٹرانسفارمیشن پیکیج کراچی ٹریفک کوریڈور امپروومنٹ پروگرام اندرونی سڑکوں کی بحالی اور فائر بریگیڈ سروسز کی اپ گریڈیشن سمیت متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے انہوں نے اعلان کیا کہ کراچی کے لیے 50 جدید ڈبل ڈیکر بسیں خریدی جائیں گی جن میں سے 25 بسیں آئندہ تین ماہ کے دوران سڑکوں پر آ جائیں گی جبکہ مزید 100 الیکٹرک بسیں بھی عوامی ٹرانسپورٹ نظام میں شامل کی جائیں گی وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ سندھ پیپلز ہاؤسنگ پروگرام کے تحت سیلاب متاثرین کے لیے 10 لاکھ گھر مکمل کیے جا چکے ہیں جبکہ مزید 17 لاکھ ہاؤسنگ یونٹس کی تعمیر کے لیے 1.675 ارب ڈالر کے فنڈز حاصل کر لیے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا بجٹ آئینی حقوق مالیاتی پائیداری قومی استحکام اور عوامی فلاح کے اصولوں پر مبنی ہے اور اس کے ذریعے صوبے میں سرمایہ کاری صنعت تجارت روزگار اور انسانی ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کو جنوبی ایشیا کی ابھرتی ہوئی معاشی طاقت اور پاکستان کا جدید توانائی تجارت اور ٹیکنالوجی مرکز بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں