پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

پاسپورٹ نظام میں انقلابی اصلاحات، ملک بھر میں ای پاسپورٹ، ہوم ڈلیوری اور کیش لیس نظام متعارف کرانے کا فیصلہ

اسلام آباد (پی پی اے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت پاسپورٹس اینڈ امیگریشن ہیڈ کوارٹرز میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پاسپورٹ نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے اور عوام کو زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے اجلاس میں پاکستان کے روایتی پاسپورٹ نظام کو مرحلہ وار مکمل طور پر ای پاسپورٹ نظام میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ای پاسپورٹ کا نفاذ نہ صرف پاسپورٹ کے اجرا کے عمل کو مزید محفوظ اور مؤثر بنائے گا بلکہ جعلسازی فراڈ اور غیر قانونی سفری دستاویزات کے استعمال کی روک تھام میں بھی اہم کردار ادا کرے گا ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی سے مزین ای پاسپورٹ بین الاقوامی معیار کے مطابق سکیورٹی خصوصیات کے حامل ہوں گے جس سے پاکستانی پاسپورٹ کی ساکھ اور اعتبار میں مزید اضافہ ہوگا
اجلاس میں پریمیم پاسپورٹ سروسز کے حوالے سے بھی اہم فیصلہ کیا گیا جس کے تحت ایسی خصوصی سہولیات حاصل کرنے والے شہری ان خدمات پر آنے والے حقیقی اخراجات کے مطابق فیس ادا کریں گے تاکہ سروسز کے معیار اور کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے وزارت داخلہ نے اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے پاسپورٹ ہوم ڈلیوری سروس کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں اس نئی سہولت کے تحت شہریوں کو ان کے گھروں کی دہلیز پر پاسپورٹ فراہم کیے جائیں گے جس سے انہیں دفاتر کے بار بار چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی ہوم ڈلیوری سروس کا باقاعدہ آغاز جلد متوقع ہے اجلاس میں یکم جولائی سے ملک بھر کے تمام پاسپورٹ دفاتر میں کیش لیس نظام نافذ کرنے کی منظوری بھی دی گئی اس فیصلے کے بعد تمام ادائیگیاں ڈیجیٹل ذرائع سے وصول کی جائیں گی جس سے شفافیت کو فروغ ملے گا بدعنوانی کے امکانات کم ہوں گے اور شہریوں کو تیز تر خدمات میسر آئیں گی علاوہ ازیں آن لائن پاسپورٹ درخواستوں کے نظام کو پاک آئی ڈی پلیٹ فارم پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس سے درخواست جمع کرانے فیس کی ادائیگی اور پراسیسنگ کے مراحل مزید آسان، تیز اور صارف دوست بن جائیں گے وزیر داخلہ محسن نقوی نے بزنس پاسپورٹ سے متعلق نئی پالیسی کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو ایف بی آر کے ساتھ مشاورت کا عمل تیز کیا جائے تاکہ کاروباری طبقے کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں اجلاس کے دوران ڈی جی پاسپورٹس اینڈ امیگریشن محمد علی رندھاوا نے پاسپورٹ نظام میں جاری اصلاحات ڈیجیٹلائزیشن منصوبوں اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی وزیر داخلہ نے اصلاحاتی عمل کی رفتار مزید تیز کرنے اور عوام کو عالمی معیار کی خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت شہریوں کو سہولتوں کی فراہمی اور اداروں کی جدید خطوط پر استواری کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی

Leave A Reply

Your email address will not be published.