اسلام آباد کے دیہی علاقوں کے لیے تاریخی تحفہ، کنگ سلیمان ہسپتال منصوبہ عملی مرحلے میں داخل
اسلام آباد (پی پی اے)رکنِ قومی اسمبلی اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین راجہ خرم نواز کی مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں اسلام آباد کے دیہی علاقوں کے عوام کے لیے صحت کی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا گیا ہے کنگ سلیمان ہسپتال ترلائی اسلام آباد کی تعمیر کے لیے باضابطہ طور پر ٹینڈر جاری کر دیا گیا ہے اس منصوبے کی تکمیل سے دیہی علاقوں کے لاکھوں مکینوں کو جدید اور معیاری طبی سہولیات اپنے علاقے میں میسر آئیں گی جبکہ علاج معالجے کے لیے شہری مراکز کا رخ کرنے کی مشکلات میں بھی نمایاں کمی آئے گی مقامی آبادی کا دیرینہ مطالبہ پورا ہونے جا رہا ہے جسے علاقے کے عوام نے خوش آئند قرار دیا ہے
راجہ خرم نواز نے اس پیش رفت پر اظہارِ مسرت کرتے ہوئے کہا کہ کنگ سلیمان ہسپتال کا قیام دیہی علاقوں میں صحت کے شعبے میں ایک انقلابی اقدام ثابت ہوگا اور عوام کو تاریخی سہولت فراہم کرے گا انہوں نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ان کی درخواست پر عمل درآمد کرتے ہوئے دیہی علاقوں کی لاکھوں آبادی کے لیے صحت کی سہولیات کی فراہمی کے اس تاریخی منصوبے کو عملی شکل دی
راجہ خرم نواز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی خدمت۔بنیادی سہولیات کی فراہمی اور علاقے کی ترقی کے لیے ان کی کوششیں آئندہ بھی جاری رہیں گی