پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم سلطان آف جوہور کپ میں سلور میڈل جیت گئی
فائنل میں ملائیشیا نے پاکستان کو پینلٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دے کر گولڈ میڈل حاصل کرلیا
جوہور بہرو (پی پی اے) پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے سلطان آف جوہور کپ 2026 کے فائنل میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلور میڈل حاصل کرلیا۔ میزبان ملائیشیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو پینلٹی شوٹ آؤٹ پر 3-4 سے شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا ملائیشیا کے شہر جوہور بہرو میں کھیلے گئے فائنل میں مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 2-2 گول سے برابر رہا۔ پاکستان کی جانب سے رانا ولید نے 19ویں منٹ میں جبکہ محمد عثمان نے 23ویں منٹ میں فیلڈ گول اسکور کرکے قومی ٹیم کو دو گول کی برتری دلائی میزبان ملائیشیا نے مقابلے میں واپسی کرتے ہوئے 25ویں منٹ میں آدم جوہری اور 49ویں منٹ میں دھیرش گناسیلن کے گول کی بدولت اسکور 2-2 سے برابر کردیا مقررہ وقت میں مزید کوئی گول نہ ہونے کے باعث میچ کا فیصلہ پینلٹی شوٹ آؤٹ پر کیا گیا، جس میں ملائیشیا نے 3 کے مقابلے میں 4 گول سے کامیابی حاصل کی پاکستان کی جانب سے حمزہ علی، رانا ولید اور غلام مصطفیٰ نے پینلٹی شوٹ آؤٹ پر گول اسکور کیے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ترجمان نے قومی جونیئر ٹیم کی پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے میدان میں بہترین کھیل اور بھرپور مقابلے کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا انہوں نے کہا کہ فائنل میں سلور میڈل کا حصول بھی قومی جونیئر ٹیم کی نمایاں کامیابی ہے