پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

ہیلتھ کیئر کا مقصد صرف ہسپتال بنانا نہیں، بیماریوں سے بچاؤ بھی یقینی بنانا ہے، مصطفیٰ کمال

ملتان (پی پی اے) وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ملتان یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں عالمی معیار کی سہولیات جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق پر مبنی ماحول قابلِ تحسین ہے جبکہ ایسے ادارے مایوسی کے خاتمے اور نوجوانوں میں امید پیدا کرنے کا ذریعہ بنتے ہیں ملتان یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں اسکول آف نرسنگ اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے یونیورسٹی انتظامیہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ انہیں اپنے منصب کے باعث ملک بھر کی صورتحال سے آگاہی رہتی ہے، لیکن جب کبھی مایوسی کا احساس ہو تو ایسے تعلیمی اداروں کا دورہ امید اور حوصلہ دیتا ہے، جہاں مثبت سوچ، محنت اور مستقبل کا روشن تصور نظر آتا ہے انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں عالمی معیار کی سہولیات اور جدید ٹیکنالوجی موجود ہے جبکہ اس ادارے کے قیام میں انتظامیہ کی محنت، خلوص اور وژن نمایاں دکھائی دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ اسی کام میں کامیابی عطا کرتا ہے جس کے پیچھے نیک نیت اور مضبوط جذبہ ہو سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہر شعبے میں ایسا معیار قائم ہونا چاہیے جسے دوسرے ادارے بھی اپنائیں۔ اگر مستقبل میں دیگر جامعات بھی ملتان یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ماڈل سے رہنمائی حاصل کریں تو اس کا کریڈٹ اس ادارے کی انتظامیہ کو جائے گا وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ ہیلتھ کیئر کا مقصد صرف ہسپتال بنانا نہیں بلکہ انسان کو بیمار ہونے سے بچانا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں جن سے عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی، بیماریوں کی بروقت تشخیص اور مؤثر علاج ممکن بنایا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ہر سال تقریباً 67 لاکھ بچوں کی پیدائش ہوتی ہے، جبکہ دورانِ حمل زچگی اور اس سے متعلقہ پیچیدگیوں کے باعث سالانہ تقریباً 11 ہزار خواتین جان کی بازی ہار جاتی ہیں اسی طرح پانچ سال سے کم عمر بچوں کی شرح اموات بھی ایک بڑا چیلنج ہے جس پر قابو پانے کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کیا جا رہا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ صرف ڈگری حاصل کرنے تک محدود نہ رہیں بلکہ اپنے شعبے میں مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں پیدا کریں تاکہ ملک و قوم کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ کو بھی ہدایت کی کہ وہ اسی جذبے محنت اور عزم کے ساتھ تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں کو آگے بڑھاتی رہے وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ دیگر متعلقہ حکام اور مختلف شعبوں سے وابستہ افراد کو بھی ملتان یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ کرنے کی ترغیب دیں گے تاکہ وہ یہاں موجود جدید سہولیات، معیاری نظام اور تعلیمی ماحول سے استفادہ کر سکیں

Leave A Reply

Your email address will not be published.