پشاور ہائیکورٹ نے واپڈا ملازمین کے مفت بجلی یونٹس ختم کرنے کا حکومتی فیصلہ برقرار رکھا
پشاور(پی پی اے) پشاور ہائیکورٹ نے واپڈا ملازمین کو مفت بجلی یونٹس کی سہولت ختم کرنے کے خلاف دائر درخواستیں مسترد کرتے ہوئے حکومت کے فیصلے کو قانونی قرار دے دیا. عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ نگران وفاقی حکومت کی جانب سے مفت بجلی کی سہولت ختم کرکے اسے مانیٹری الاؤنس میں تبدیل کرنے کا اقدام قانونی حدود کے اندر کیا گیا، جسے بعد ازاں منتخب وفاقی حکومت نے بھی برقرار رکھا، جس سے اس کی قانونی حیثیت مزید مضبوط ہو گئی عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ مفت بجلی یونٹس کی فراہمی کوئی مستقل یا اٹل قانونی حق نہیں بلکہ ایک انتظامی رعایت تھی، جسے بدلتے ہوئے معاشی حالات قومی مفاد اور حکومتی پالیسی کے مطابق تبدیل یا ختم کیا جا سکتا ہے عدالت کے مطابق یہ اقدام آئین کے آرٹیکل 4 اور 25 کی خلاف ورزی نہیں اور نہ ہی اسے امتیازی سلوک قرار دیا جا سکتا ہے بلکہ یہ ایک ایسی معاشی اصلاح ہے جس کا اطلاق تمام متعلقہ ملازمین پر یکساں طور پر ہوتا ہے پشاور ہائیکورٹ نے مزید ریمارکس دیے کہ انتظامی سہولیات وقت گزرنے کے ساتھ مستقل قانونی حقوق کی حیثیت اختیار نہیں کر سکتیں، تاہم متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ اس پالیسی پر عمل درآمد شفاف منصفانہ اور یکساں انداز میں یقینی بنایا جائے یاد رہے کہ اپریل 2026 میں وفاقی حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاور سیکٹر کے ملازمین کے لیے مفت بجلی یونٹس کی سہولت ختم کرکے اس کے بدلے مانیٹری الاؤنس دینے کا فیصلہ کیا تھا دریں اثنا وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن اویس لغاری نے عدالتی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاور سیکٹر کے مفت بجلی یونٹس کا خاتمہ عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں اصلاحاتی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گی