پاکستان، ایران تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھانے پر متفق فری ٹریڈ معاہدہ جلد مکمل، سرحدی تجارت، لاجسٹکس اور معاشی تعاون بڑھانے پر زور دیا
اسلام آباد (پی پی اے) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھایا جائے گا اور دونوں ممالک کے تاریخی برادرانہ تعلقات کو مضبوط معاشی شراکت داری میں تبدیل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مقامی ہوٹل میں ایرانی وزیر صنعت و تجارت ڈاکٹر محمد اتابک کے ساتھ 10ویں پاکستان۔ایران جوائنٹ ٹریڈ کمیشن کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کرتے ہوئے جام کمال خان نے کہا کہ پاک۔ایران فری ٹریڈ معاہدے کو جلد حتمی شکل دی جائے گی، جبکہ بارٹر ٹریڈ، سرحدی تجارت، لاجسٹکس، کسٹمز اور کارگو نقل و حرکت میں حائل رکاوٹیں بھی دور کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ سرحدی منڈیوں کے قیام، الیکٹرانک ڈیٹا انٹرچینج اور نجی شعبے کی حوصلہ افزائی سے دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ کاروبار کے لیے سازگار اور قابلِ اعتماد ماحول فراہم کریں۔ایرانی وزیر صنعت و تجارت ڈاکٹر محمد اتابک نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے مشترکہ تجارتی راستوں، کراچی اور گوادر بندرگاہوں کے ذریعے علاقائی تجارت اور لاجسٹک تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک۔ایران فری ٹریڈ معاہدہ جلد مکمل ہونے کی امید ہے۔انہوں نے بجلی کی تجارت، علاقائی رابطوں اور طویل المدتی اسٹریٹجک شراکت داری کو دونوں ممالک کے لیے نئے معاشی مواقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کی دوستی کو پائیدار معاشی شراکت داری میں تبدیل کیا جائے گا