صدر زرداری کا کشمیری عوام سے غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ دوبارہ تنازعہ کشمیر کا منصفانہ حل ہی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی بنیاد ہے صدر زرداری
اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار اور منصفانہ امن کا قیام تنازعہ جموں و کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا ایوانِ صدر کے پریس ونگ کے مطابق اپنے خصوصی پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو سات برس مکمل ہو چکے ہیں جن کے ذریعے بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بھارت کے یہ اقدامات نہ تو تنازعہ کشمیر کی قانونی حیثیت تبدیل کر سکتے ہیں اور نہ ہی کشمیری عوام کے عزم کو کمزور کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات برسوں کے دوران لاکھوں کشمیری شدید پابندیوں، غیر یقینی صورتحال اور بنیادی حقوق سے محرومی کا سامنا کر رہے ہیں، تاہم وہ اپنے جائز حقِ خود ارادیت کے حصول کے لیے ثابت قدم ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیری عوام کی آواز بلند کرتا رہے گا اور تنازعہ کشمیر کے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل تک اپنی حمایت جاری رکھے گا صدر مملکت نے بین الاقوامی برادری خصوصاً اقوامِ متحدہ پر زور دیا کہ وہ بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور اس دیرینہ تنازعہ کے منصفانہ حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرے اپنے پیغام کے اختتام پر صدر آصف علی زرداری نے کشمیری عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑا ہے ان کی ثابت قدمی پوری قوم کے لیے باعثِ حوصلہ ہے اور پاکستانی عوام حقِ خود ارادیت کے حصول تک کشمیریوں کے شانہ بشانہ رہیں گے انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جموں و کشمیر کے عوام کو صبر استقامت انصاف اور پائیدار امن کی نعمت عطا فرمائے