سی پیک 2.0 ترقی اور روزگار کے نئے مواقع فراہم کرے گا، احسن اقبال کراچی کوسٹل زون، گوادر، زرعی تربیت اور قراقرم ہائی وے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ
اسلام آباد (پی پی اے) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیرِ صدارت سی پیک منصوبہ جات جائزہ کمیٹی اور قومی سٹیئرنگ کمیٹی کا 91واں اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں بنیادی ڈھانچے، توانائی، پیٹرولیم، آبی وسائل، خوراک و زراعت، مشترکہ ورکنگ گروپس (جے ڈبلیو جیز) اور خصوصی اقتصادی زونز سمیت مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک 2.0 پاکستان کے لیے ترقی، روزگار اور سرمایہ کاری کے نئے امکانات لے کر آیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ ترقی، روزگار، جدت، ماحول دوست ترقی اور علاقائی روابط پر مشتمل پانچ اہم راہداریوں کے منصوبوں پر تیز رفتار اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اجلاس کو بیجنگ میں پاکستان مشن اور مختلف مشترکہ ورکنگ گروپس کے کنوینرز نے آئندہ اجلاسوں اور پندرہویں جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی اجلاس کی تیاریوں سے آگاہ کیا۔ بتایا گیا کہ اجلاسوں کا کیلنڈر حتمی شکل دے کر چینی حکام سے بروقت رابطہ کاری کے لیے بیجنگ میں پاکستان مشن کو ارسال کر دیا گیا ہے اجلاس میں کراچی کوسٹل کمپری ہینسو ڈویلپمنٹ زون منصوبے پر بھی غور کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے منصوبے میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو ایک ہفتے کے اندر سفارشات پیش کرنے اور زیر التوا معاملات فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے حکومت سندھ، وزارت بحری امور اور بورڈ آف انویسٹمنٹ کو چینی کمپنی کے ساتھ مشترکہ اجلاس منعقد کرکے تکنیکی مسائل جلد از جلد حل کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں چین میں ایک ہزار زرعی گریجویٹس کی تربیت کے پروگرام کا جائزہ لیتے ہوئے احسن اقبال نے ہدایت کی کہ تربیت یافتہ نوجوانوں کی مہارتوں سے ملکی زرعی شعبے کو مستفید کیا جائے۔ انہوں نے آئندہ اجلاس میں ان گریجویٹس کی تخصص، تعیناتی اور مستقبل کے کردار سے متعلق جامع منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ تربیتی پروگراموں میں حیاتیاتی ٹیکنالوجی، معیاری بیج، زیادہ پیداوار دینے والی اقسام، ڈیجیٹل زرعی خدمات، مصنوعی ذہانت پر مبنی زراعت اور کواپریٹو فارم مینجمنٹ پر خصوصی توجہ دی جائے اجلاس میں گوادر بندرگاہ اور فری زون کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی سے متعلق منصوبے کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ باقی ماندہ امور ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں تاکہ گوادر کے صنعتی علاقوں کو قابل اعتماد بجلی فراہم کی جا سکے قومی شاہراہ اتھارٹی نے اجلاس کو بتایا کہ قراقرم ہائی وے (کے کے ایچ) فیز دوم کے مالیاتی انتظامات پر آئندہ ورکنگ گروپ کے اجلاس میں غور کیا جائے گا۔ احسن اقبال نے ہدایت کی کہ 2028 کی مقررہ مدت کو مدنظر رکھتے ہوئے مالیاتی معاملات جلد حتمی کیے جائیں، بصورت دیگر دیامر بھاشا ڈیم کی جھیل سے متاثر ہونے والے حصے پر ملکی وسائل سے فوری تعمیراتی کام شروع کیا جائے۔ انہوں نے منصوبے کی ٹینڈرنگ میں پاکستانی تعمیراتی کمپنیوں کی شمولیت کے امکانات کا بھی جائزہ لینے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں وزارتِ خارجہ وزارتِ داخلہ وزارتِ مواصلات، اقتصادی امور ڈویژن پاور ڈویژن پیٹرولیم ڈویژن، بورڈ آف انویسٹمنٹ، وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق، وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی، وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی وزارتِ بحری امور، وزارتِ صنعت و پیداوار، گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی سی پیک سیکریٹریٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی