رانا توقیر پاکستان عوامی قوت پارٹی میں شامل، اہم ذمہ داری مل گئی
اسلام آباد (پی پی اے) ملک کے معروف سیاسی، سماجی اور تاجر رہنما رانا توقیر اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان عوامی قوت پارٹی میں شامل ہو گئے۔ اس موقع پر پارٹی دفتر میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جہاں چیئرمین پاکستان عوامی قوت پارٹی اور راول جنرل اینڈ ڈینٹل ہسپتال و راول فاؤنڈیشن کے چیئرمین خاقان وحید خواجہ نے انہیں پارٹی پرچم پہنا کر خوش آمدید کہا۔ تقریب کے دوران خاقان وحید خواجہ نے رانا توقیر کو پاکستان عوامی قوت پارٹی کے شعبہ چیمبر آف کامرس کا صدر بھی نامزد کیا، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ اس موقع پر ابوالحسن چشتی، پروفیسر ڈاکٹر رؤف چوہدری، ریاست عباسی سمیت مختلف وفود اور پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔ خاقان وحید خواجہ نے رانا توقیر کی شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ انہیں چیمبر آف کامرس کے شعبے کے لیے ایک ایسا ساتھی ملا ہے جو تاجر برادری کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ رانا توقیر خصوصاً فیصل آباد سمیت ملک بھر کی تاجر برادری کے مسائل کے حل، ٹیکس سے متعلق امور اور کاروباری سہولتوں کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے رانا توقیر نے اس موقع پر کہا کہ وہ پہلے مسلم لیگ (ق) پنجاب میں جوائنٹ سیکرٹری کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں تاہم پاکستان عوامی قوت پارٹی کا منشور اور بیانیہ انہیں زیادہ مؤثر اور عوامی مفاد پر مبنی محسوس ہوا، جس کے باعث انہوں نے پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا انہوں نے کہا کہ وہ ملک کی ترقی نوجوان نسل کے بہتر مستقبل اور تاجر برادری کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے