اسلام آباد پولیس کے آٹھ انسپکٹرز ڈی ایس پی ترقیاب
اسلام آباد (پی پی اے) اسلام آباد پولیس میں محکمانہ ترقیوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے تحت آٹھ انسپکٹرز کو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) کے عہدوں پر ترقی دے دی گئی۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے سینئر پولیس افسران کے ہمراہ ترقی پانے والے افسران کو نئے عہدوں کے رینکس لگائے اور انہیں مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر منعقدہ پروقار تقریب میں ترقی پانے والے افسران کے اہل خانہ نے بھی شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ محکمانہ ترقی نہ صرف ایک اعزاز ہے بلکہ اس کے ساتھ مزید ذمہ داریاں بھی وابستہ ہوتی ہیں۔ ترقی پانے والے افسران اپنے تجربے، صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے محکمہ پولیس اور شہریوں کی خدمت کے لیے مزید محنت، لگن اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ محکمانہ ترقیوں کا مقصد افسران اور جوانوں کی حوصلہ افزائی، ان کی پیشہ ورانہ خدمات اور صلاحیتوں کا اعتراف اور انہیں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہے۔ اسلام آباد پولیس میں میرٹ اور محکمانہ قواعد و ضوابط کے مطابق ترقیوں کا عمل جاری رکھا جائے گا تاکہ فورس کی مجموعی کارکردگی اور پیشہ ورانہ استعداد میں مزید بہتری لائی جا سکے۔آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ انسپکٹرز کی ڈی ایس پی کے عہدوں پر ترقیوں کے ساتھ ساتھ ریکارڈ کانسٹیبل سے ہیڈ کانسٹیبل اور ہیڈ کانسٹیبل سے اسسٹنٹ سب انسپکٹر کے عہدوں پر بھی ترقیاں دی جا رہی ہیں۔بعد ازاں آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں اور ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں مزید محنت اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دینے کی ہدایت کی۔اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق فورس اپنے افسران اور جوانوں کی حوصلہ افزائی، فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ ایک مستعد، باصلاحیت اور عوام دوست پولیس فورس کے ذریعے شہریوں کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔