پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا حکم جاری ایس پی پوٹھوہار کی قتل چوری، اشتہاری مجرمان اور کرایہ داری ایکٹ پر سخت عملدرآمد کی ہدایت

راولپنڈی (پی پی اے) ایس پی پوٹھوہار چوہدری اثر علی نے پوٹھوہار آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کینٹ سرکل میں امن و امان کی صورتحال زیرِ تفتیش مقدمات اشتہاری مجرمان کے خلاف کارروائیوں اور جرائم کی روک تھام سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا اجلاس میں ایس ڈی پی او کینٹ کینٹ سرکل کے ایس ایچ اوز اور مختلف چوکیوں کے انچارجز نے شرکت کی۔ ایس پی پوٹھوہار نے تمام افسران سے زیرِ تفتیش مقدمات کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ قتل اور دیگر سنگین مقدمات کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ اور فالو اپ یقینی بنایا جائے تاکہ متاثرین کو بروقت انصاف فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے کار اور دیگر گاڑیوں کی چوری میں ملوث گروہوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں تیز کرنے، کرایہ داری ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد، پتنگ بازی، ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کے خلاف جاری کریک ڈاؤن مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے زیرِ تفتیش مقدمات کو شواہد کی بنیاد پر جلد یکسو کرنے اور چالانوں کی پینڈنسی ختم کرنے پر بھی زور دیا۔ چوہدری اثر علی نے اشتہاری مجرمان اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں تیز کرنے، جبکہ ڈکیتی، رابری اور چوری کی وارداتوں میں ملوث سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزمان کو شاملِ تفتیش کرکے ان کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی ضمانت ہیں۔ ایس پی پوٹھوہار نے مزید ہدایت کی کہ تھانوں میں آنے والے شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی، میرٹ اور قانون کے مطابق برتاؤ ہر صورت یقینی بنایا جائے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی پوٹھوہار چوہدری اثر علی نے کہا کہ امن و امان کا قیام، جرائم کا مؤثر خاتمہ اور شہریوں کو بروقت اور منصفانہ انصاف کی فراہمی راولپنڈی پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، جس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں

Leave A Reply

Your email address will not be published.