شہریوں کے مسائل کا بروقت حل اور پولیس فورس کی ویلفیئر اولین ترجیح ہے ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا
اسلام آباد (پی پی اے) ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے کہا ہے کہ شہریوں کے مسائل کا بروقت حل اور پولیس فورس کی ویلفیئر اولین ترجیح ہے، خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور ایسے مقدمات میں فوری مؤثر اور قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنائی جائے جرائم کو چھپانا نہیں بلکہ ان پر قابو پانا پولیس کی ذمہ داری ہے، جرائم پیشہ عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایس پی سٹی ڈاکٹر ایاز حسین، تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز اور محرران نے شرکت کی اجلاس میں شہر میں امن و امان کی صورتحال، جرائم کی روک تھام، شہریوں کو پولیس خدمات کی بروقت فراہمی پولیس افسران و جوانوں کی ویلفیئر اور محکمانہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا نے کہا کہ عوام کی خدمت اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے، شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جائیں اور پولیس دفاتر و تھانوں میں آنے والے ہر شہری کے ساتھ عزت احترام اور خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات کو سنجیدگی سے سنا جائے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں ان کا کہنا تھا کہ پولیس افسران اور جوان محکمہ پولیس کا قیمتی سرمایہ ہیں، ان کی ویلفیئر اور مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل یقینی بنایا جائے گا میرے دفتر کے دروازے ہر وقت پولیس افسران کے لیے کھلے ہیں اور فورس کی ویلفیئر میری اولین ترجیح ہے قاضی علی رضا نے کہا کہ شہر میں امن و امان کے قیام میں پولیس کا کردار کلیدی ہے، لہٰذا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور اور مؤثر کارروائیاں کی جائیں جرائم کو چھپانا نہیں بلکہ ان پر قابو پانا ہماری ذمہ داری ہے جبکہ جرائم پیشہ عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ایس ایس پی آپریشنز نے واضح کیا کہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا بدعنوانی ثابت ہونے کی صورت میں متعلقہ افسر یا اہلکار کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ ایس آئی پی ایس پروٹوکول کے تحت شہریوں کو بہترین پولیس خدمات اور بروقت دادرسی فراہم کی جائے۔ تمام افسران روزانہ تین گھنٹے اپنے دفاتر میں بیٹھ کر شہریوں کے مسائل اور شکایات سنیں گے اور ان کے فوری حل کے لیے اقدامات یقینی بنائیں گے انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ پولیس کی بدنامی کا باعث بننے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی کی جائے گی۔ پولیس افسران عوام کے ساتھ اپنے رویے اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو بہتر بنائیں تاکہ شہریوں کا پولیس پر اعتماد مزید مضبوط ہو