پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں یومِ آزادی کی پروقار تقریب کا انعقاد وائس چانسلر طیبہ ظریف کا تعلیم، خواتین کو بااختیار بنانے اور قومی ترقی کے عزم کا اظہار

راولپنڈی (پی پی اے) راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وطن سے محبت، قومی ذمہ داری اور پاکستان کو مضبوط، تعلیم یافتہ اور ترقی یافتہ ملک بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ تقریب کا آغاز وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طیبہ ظریف کو گارڈ آف آنر پیش کیے جانے سے ہوا، جس کے بعد انہوں نے قومی پرچم لہرایا۔ قومی ترانہ پیش کیا گیا اور ملکی سلامتی، استحکام، ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ یونیورسٹی کے نئے ترانے کی رونمائی بھی تقریب کا اہم حصہ تھی۔
یومِ آزادی کی خوشیوں کو شجرکاری کے پیغام سے جوڑتے ہوئے وائس چانسلر نے یونیورسٹی میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کیا، جبکہ شرکاء میں بھی پودے تقسیم کیے گئے۔ یونیورسٹی ترانے اور ملی نغموں میں حصہ لینے والی طالبات کو سرٹیفکیٹس بھی دیے گئے۔اپنے خصوصی خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر طیبہ ظریف نے کہا کہ پاکستان کی آزادی بے مثال قربانیوں، جرات، عزم اور یقین کا نتیجہ ہے، تاہم آزادی کے بعد اصل ذمہ داری ایک مضبوط، خوشحال اور باوقار پاکستان کی تعمیر ہے۔ تعلیم قومی ترقی کی بنیادی قوت ہے اور جامعات کا کردار صرف ڈگریاں دینے تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ انہیں علم، کردار، تنقیدی فکر، قیادت اور ذمہ دار شہریت کو فروغ دینا ہوگا۔ وائس چانسلر نے کہا کہ خواتین کی تعلیم دراصل پاکستان کی ترقی ہے، نوجوان خواتین کو مستقبل کی معمار، قائد اور فیصلہ ساز بننے کے لیے تیار کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے تعلیمی وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ علم، کردار، نظم و ضبط، اعتماد اور احساسِ ذمہ داری مضبوط قوموں کی بنیاد بنتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ راولپنڈی ویمن یونیورسٹی علم، تحقیق، جدت، کردار سازی اور خواتین کو بااختیار بنانے کے ذریعے قومی ترقی میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتی رہے گی۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے پاکستان کی ترقی، امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنی ذمہ داریاں دیانت داری اور بھرپور عزم کے ساتھ ادا کرنے اور بانیانِ پاکستان کے خواب کی تکمیل میں اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا

Leave A Reply

Your email address will not be published.