پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

جشنِ آزادی ہاکی فیسٹیول، رانا ظہیر اکیڈمی نے ٹائٹل جیت لیا

لاہور (پی پی اے): ایل ڈی اے اور پاک ہیروز ہاکی کلب کے زیرِ اہتمام جوہر ٹاؤن ہاکی اسٹیڈیم میں منعقدہ جشنِ آزادی ہاکی فیسٹیول کا ٹائٹل رانا ظہیر ہاکی اکیڈمی نے اپنے نام کرلیا۔ فائنل میں رانا ظہیر ہاکی اکیڈمی نے خواجہ جنید ہاکی اکیڈمی کو 2-1 سے شکست دے کر ٹرافی جیت لی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے گل شیر خان اور سمیع اللہ نے ایک، ایک گول کیا، جبکہ خواجہ جنید ہاکی اکیڈمی کا واحد گول رانا سہیل نے اسکور کیا۔ فیسٹیول میں رانا ظہیر ہاکی اکیڈمی، خواجہ جنید ہاکی اکیڈمی، ڈار ہاکی اکیڈمی اور پاک ہیروز ہاکی کلب کی ٹیموں نے شرکت کی، جبکہ کئی قومی و بین الاقوامی کھلاڑیوں نے بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ تقریب کے مہمان خصوصی وائس چیئرمین ایل ڈی اے اور رکن صوبائی اسمبلی میاں مرغوب احمد نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان اسی جذبے اور محنت کے ساتھ کھیل جاری رکھیں تاکہ پاکستان ہاکی میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرسکے۔ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے فلائٹ لیفٹیننٹ ریٹائرڈ طاہر فاروق نے کہا کہ نوجوان کھلاڑی محنت اور لگن کے ذریعے ایک بار پھر ہاکی کے میدان میں پاکستان کا پرچم بلند کرسکتے ہیں۔اختتامی تقریب میں میاں مرغوب احمد اور ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے کھلاڑیوں میں انعامات جبکہ منتظمین میں شیلڈز تقسیم کیں۔ اس موقع پر چوہدری ایوب محمد یعقوب محمد شاہد، رمیز چشتی اور اظفر یعقوب سمیت متعدد قومی و بین الاقوامی کھلاڑی منتظمین اور ہاکی شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی

Leave A Reply

Your email address will not be published.