فتح جنگ میں جشنِ آزادی کی پروقار تقریب، بچوں نے ملی نغمے اور تقاریر پیش کیں
فتح جنگ (پی پی اے): فتح جنگ کے میونسپل کمیٹی ہال میں 14 اگست، یومِ آزادی پاکستان کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں شرکاء نے قومی جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی۔ تقریب میں ڈاکٹر یاسین اطہر نے نظامت کے فرائض سرانجام دیے۔ تقریب کے دوران سکول کے بچوں نے وطن عزیز کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں، جبکہ طلبہ نے تقاریر کے ذریعے یوم آزادی کی اہمیت اور ملکی تاریخ پر روشنی ڈالی۔ بچوں نے ملی نغمے پیش کرکے حب الوطنی کے جذبات کا بھرپور اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں میں انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں۔ بعد ازاں شرکاء نے مل کر جشن آزادی کا کیک کاٹا اور پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ اس موقع پر پنجاب پولیس کا عملہ سکیورٹی کے فرائض مستعدی سے انجام دیتا رہا۔ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر، ڈی ایس پی سرکل فتح جنگ ملک منور، ایس ایچ او فتح جنگ، صدر پریس کلب رجسٹرڈ فتح جنگ ذوالفقار بلوچ، ممبران پریس کلب رجسٹرڈ فتح جنگ، محکمہ لوکل گورنمنٹ کے نمائندوں اور معزز شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔