پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

راول انسٹیٹیوٹ میں 79واں جشن آزادی جوش و خروش سے منایا گیا خاقان وحید خواجہ نے نوجوانوں کو پاکستان کا روشن مستقبل قرار دیتے ہوئے انقلابی اقدامات کا عزم کیا

اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان عوامی قوت پارٹی، راول جنرل اینڈ ڈینٹل ہاسپٹل، راول فاؤنڈیشن اور راول انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام پاکستان کا 79واں جشن آزادی بھرپور جوش و خروش سے منایا گیا۔ راول انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز ترلائی میں قومی پرچم لہرانے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی پاکستان عوامی قوت پارٹی کے سربراہ خاقان وحید خواجہ تھے۔ نسٹیٹیوٹ پہنچنے پر خاقان وحید خواجہ کا شاندار استقبال کیا گیا۔ طلبہ و طالبات نے ہاتھوں میں قومی پرچم اور جھنڈیاں اٹھا رکھی تھیں، جبکہ تمام شرکا نے مل کر قومی ترانہ پڑھا۔ مہمان خصوصی نے قومی پرچم لہرایا اور بعد ازاں ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔ تقریب میں پرنسپل راول کالج آف میڈیسن پروفیسر شکیب انور، پرنسپل راول ڈینٹل کالج پروفیسر اسد، پرنسپل راول کالج آف نرسنگ میڈم ڈیزی جعفر، پرنسپل راول کالج آف فزیوتھراپی اور پرنسپل راول کالج آف فارمیسی سمیت دیگر اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ بعد ازاں راول جنرل ہاسپٹل کے آڈیٹوریم میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں طلبہ و طالبات نے ٹیبلو شو پیش کیے، قومی نغمے گائے اور پاکستان کی تاریخ کے حوالے سے تقاریر کیں۔ تقریب میں پاکستان عوامی قوت پارٹی کی عوامی خدمات پر مبنی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ مہمان خصوصی خاقان وحید خواجہ نے طلبہ و طالبات میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیں آسانی سے نہیں ملا، اس کے حصول کے لیے بہت جدوجہد اور قربانیاں دینا پڑیں۔ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں اور اس مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے پاکستان عوامی قوت پارٹی انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک کے لیے ہر وقت ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.