صدر وزیراعظم کا دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ صدر وزیراعظم نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا
اسلام آباد (پی پی اے) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے داخلی و خارجی امور سمیت فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے وطن عزیز سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ایوان صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمعہ کو ایوان صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور انہیں یوم آزادی کی مبارکباد دی ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر داخلہ و انسداد منشیات سید محسن رضا نقوی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور سینیٹر شیری رحمان بھی موجود تھے وزیراعظم نے صدر مملکت کو مکہ مکرمہ میں سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان طے پانے والے تاریخی امن معاہدے سے آگاہ کیا صدر مملکت نے دفاعی تعاون علاقائی امن و استحکام اور امت مسلمہ کی سلامتی کے فروغ کے لیے سہ فریقی امن معاہدے پر مؤثر عملدرآمد کی امید ظاہر کی صدر آصف علی زرداری نے سعودی عرب ترکیہ اور پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط تزویراتی شراکت داری میں ڈھالنے کے لیے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل و چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو سراہا ملاقات میں موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں عوام کو درپیش معاشی مشکلات میں ریلیف فراہم کرنے، اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل فراہمی اور انہیں مناسب نرخوں پر دستیاب بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ علاقائی و عالمی امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی مؤثر سفارتی کاوشوں سے ملک کے عالمی مقام کو مزید تقویت ملے گی اور اس کے مثبت اثرات ملکی معیشت اور عوام کی زندگیوں پر مرتب ہوں گے