اسحاق ڈار کی بری امام سرکار کے عرس پر چادر پوشی
اسلام آباد ( پی پی اے) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جمعہ کی شب سید شاہ عبداللطیف کاظمی المعروف بری امام کے 321ویں عرس کے موقع پر مزار پر چادر پوشی کی اور پھول چڑھائے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے تمام عقیدت مندوں کو عرس کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ تصوف کی ایک الگ دنیا ہے اور یہ بزرگ ہستیاں برصغیر میں اسلام کی ترویج اور روحانی روایت کے حوالے سے نمایاں مقام رکھتی ہیں۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ وہ بچپن میں بھی بری امام سرکار کے مزار پر آتے رہے ہیں، تاہم اس وقت کا ماحول مختلف تھا۔ انہوں نے بتایا کہ 13 اگست 1999 کو نواز شریف نے بری امام سرکار کے دربار پر تعمیراتی کام کی بنیاد رکھی، بعد ازاں حکومت کی تبدیلی کے باعث کام رک گیا۔ 2013 میں حکومت میں آنے کے بعد دربار کی تعمیر کا کام دوبارہ شروع کیا گیا جبکہ اب دوسرے مرحلے پر کام شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت داتا گنج بخش اور بری امام سرکار جیسی عظیم ہستیوں کی ہمیشہ مجھ پر کرم نوازی رہی ہے۔ ہم نے 14 اگست کو بری امام سرکار کے عرس کا دن مقرر کیا ہے اور ان شاء اللہ یہ سلسلہ ہمیشہ جاری رہے گا۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں اللہ تعالیٰ نے بے شمار وسائل رکھے ہیں اور ملک کو ایٹمی قوت بنانے کے بعد اب معاشی قوت بنانا ہے۔ قیمتی معدنیات سے استفادہ کرکے پاکستان مزید ترقی کر سکتا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان جب ترقی کی جانب بڑھتا ہے تو اس کے خلاف اندرونی و بیرونی سازشیں شروع ہو جاتی ہیں۔ آج پاکستان سفارتی طور پر بھی بلند مقام حاصل کر رہا ہے اور ملک میں کئی دور رس تبدیلیاں آئی ہیں اسحاق ڈار نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ دفاعی تعاون کے بعد 7 اگست کو ترکیہ، سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مکہ مکرمہ میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط ہوئے، جو مسلم امہ کے لیے خوشی کی خبر ہے اور یہ سب اللہ کے کرم سے ممکن ہوا عرس کی تقریب میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی اور علی ڈار بھی موجود تھے