پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

سرسبز راولپنڈی کا وژن گرین بیلٹس کی بحالی و خوبصورتی کا عمل جاری

راولپنڈی (پی پی اے)ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کی جانب سے شہر کو سرسبز، صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کے لیے گرین بیلٹس میڈینز اور اہم شاہراہوں کی تزئین و آرائش اور دیکھ بھال کا عمل جاری ہے ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رانجھا کی ہدایات پر مری روڈ کے راشد منہاس سیکٹر میں مریڑ چوک سے کمیٹی چوک تک گرین بیلٹس اور میڈینز کی صفائی گوڈی، جڑی بوٹیوں کی تلفی اور پودوں کی تراش خراش کی جا رہی ہے ہارٹیکلچر عملہ گرین بیلٹس سے غیر ضروری جھاڑیوں اور جڑی بوٹیوں کی صفائی کے ساتھ موجودہ پودوں اور سجاوٹی جھاڑیوں کی مناسب تراش خراش بھی کر رہا ہے، جبکہ میڈینز میں مٹی کی گوڈی اور صفائی کا عمل جاری ہے تاکہ پودوں کی بہتر نشوونما اور گرین بیلٹس کی خوبصورتی برقرار رکھی جا سکے۔ مری روڈ راولپنڈی کی اہم شاہراہوں میں شامل ہے جہاں روزانہ بڑی تعداد میں شہری سفر کرتے ہیں، اس لیے یہاں گرین بیلٹس کی صفائی اور مناسب دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ صفائی کے دوران خشک پتے، کچرا اور دیگر غیر ضروری مواد بھی ہٹایا جا رہا ہے۔ہارٹیکلچر ایجنسی کے مطابق ’’سرسبز راولپنڈی‘‘ کا وژن صرف شجرکاری تک محدود نہیں بلکہ پہلے سے موجود درختوں، پودوں، گرین بیلٹس اور میڈینز کی مؤثر دیکھ بھال بھی اس کا اہم حصہ ہے۔ اسی مقصد کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں موسمی بنیادوں پر صفائی، گوڈی، آبپاشی اور پودوں کی تراش خراش سمیت دیگر ہارٹیکلچر سرگرمیاں جاری ہیں۔ ادارے کی فیلڈ ٹیمیں مختلف شاہراہوں اور اہم مقامات پر متحرک ہیں، جبکہ جاری ہارٹیکلچر کاموں کی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔ ہارٹیکلچر ایجنسی کا مقصد شہریوں کو صاف، سرسبز اور خوبصورت ماحول فراہم کرنا اور راولپنڈی کے قدرتی حسن میں مزید اضافہ کرنا ہے

Leave A Reply

Your email address will not be published.