اسلام آباد پولیس افسران و جوانوں کے سائیکولوجیکل ٹیسٹ جاری
اسلام آباد (پی پی اے) آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایات پر پولیس افسران و جوانوں کی استعدادِ کار، ذہنی صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ کارکردگی بہتر بنانے کے لیے سائیکولوجیکل ٹیسٹ کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں سیف سٹی اسلام آباد میں افسران و جوانوں کے سائیکولوجیکل ٹیسٹ منعقد کیے گئے، جن کے ذریعے ذہنی صلاحیتوں، پیشہ ورانہ رویوں، دباؤ میں کام کرنے اور مختلف صورتحال میں بروقت و مؤثر فیصلہ سازی کی صلاحیتوں کا جائزہ لیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق ٹیسٹ کے نتائج کی روشنی میں افسران و جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بہتری اور استعدادِ کار بڑھانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اسلام آباد پولیس فورس کو جدید پولیسنگ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے تربیتی، فلاحی اور پیشہ ورانہ اقدامات بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔