پاکستان عوامی قوت پارٹی گراس روٹ سطح پر تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے، خاقان وحید خواجہ
اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان عوامی قوت پارٹی کے سربراہ اور راول جنرل اینڈ ڈینٹل ہاسپٹل و راول فاؤنڈیشن کے چیئرمین خاقان وحید خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی قوت پارٹی گراس روٹ سطح پر تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے، جس کی بنیادی وجہ عوامی مسائل کے حل اور عملی خدمت کو ترجیح دینا ہے۔ انہوں نے اپنے دفتر میں بورے والا سے سابق رکن قومی اسمبلی اصغر علی جٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو عوام کے لیے جو کام کرنے چاہئیں، ان میں سے کئی کام ہم اپنی استطاعت کے مطابق خود کر رہے اور عوام تک سہولیات پہنچا رہے ہیں۔ ملاقات کے دوران اصغر علی جٹ نے اپنی برادری اور سیاسی سفر کے بارے میں خاقان وحید خواجہ کو آگاہ کیا اور کہا کہ وہ ایسے سیاسی پلیٹ فارم کی تلاش میں ہیں جہاں حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کی جا سکے۔ خاقان وحید خواجہ نے انہیں پارٹی کی پالیسی، منشور، سیاسی بیانیے اور سابقہ کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، جس پر اصغر علی جٹ نے اطمینان کا اظہار کیا۔ خاقان وحید خواجہ نے کہا کہ پارٹی تعلیم، فنی تعلیم، روزگار، برقی تجارت اور بلدیاتی سطح پر عوامی خدمت کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ یہ وہ وعدے ہیں جو پارٹی نے 2024 کے عام انتخابات میں پہلی مرتبہ حصہ لیتے ہوئے عوام سے کیے تھے اور اب انہیں عملی طور پر پورا کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ انتخابات جیتنے والے نمائندے اپنے حلقوں میں نظر نہیں آتے، جبکہ پاکستان عوامی قوت پارٹی انتخابات کے دن سے مسلسل عوام کے درمیان موجود ہے اور اپنے منشور کے مطابق عملی اقدامات کر رہی ہے۔ عوام کے بنیادی مسائل کو سمجھتے ہوئے ان کے حل کے لیے مزید اقدامات جاری رکھے جائیں گے