ترکیہ ایران امریکا کشیدگی کم کرانے کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار، اردوان
انقرہ ( پی پی اے) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ان کا ملک ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرانے کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ بی بی سی کے مطابق ترک صدر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے مذاکرات جاری رکھنے پر زور دیا اور کہا کہ ترکیہ اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ ترک ایوانِ صدر کے مطابق رجب طیب اردوان نے امن کی کوششوں میں ترکیہ کی حمایت اور تعاون کی آمادگی کا اظہار کیا۔ دوسری جانب امریکی صدر کے ایلچی جیرڈ کشنر نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات سنجیدہ اور وسیع پیمانے پر جاری ہیں، تاہم فریقین ابھی تک کسی باہمی مفاہمت تک نہیں پہنچ سکے۔ جیرڈ کشنر کے مطابق دونوں ممالک کے مختلف اداروں کے درمیان مذاکرات پہلے سے زیادہ مضبوط ہیں، تاہم ابھی تک کسی اتفاقِ رائے یا مفاہمت تک رسائی حاصل نہیں ہوسکی۔