پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

حرمین شریفین میں عمرہ زائرین کے لیے جدید ڈیجیٹل سہولیات اور مذہبی رہنمائی کا نظام فعال

ریاض (پی پی اے) مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی مذہبی امور کی صدارت نے عمرہ زائرین اور دیگر آنے والوں کے لیے مذہبی آگاہی، رہنمائی اور مستند معلومات تک رسائی آسان بنانے کے لیے جدید سمارٹ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور سہولیات فراہم کردی ہیں۔ اردو نیوز کے مطابق جدید ڈیجیٹل نظام میں انٹرایکٹو اسکرینیں، جدید ٹیکنالوجی سے لیس فیلڈ سینٹرز اور سمارٹ الیکٹرانک لائبریری شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ترجمہ کاری کی خدمات، رہنمائی پر مبنی مواد، مذہبی کتب اور مطبوعات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ یہ سہولیات حرمین شریفین آنے والے مختلف زبانوں اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے زائرین کو جدید اور آسان انداز میں مذہبی معلومات فراہم کرنے میں معاون ہیں۔ صدارت کی جانب سے آگاہی اور رہنمائی کا مواد متعدد عالمی زبانوں میں پیش کیا جا رہا ہے تاکہ زبان کی رکاوٹ ختم کرکے زائرین تک مستند معلومات آسان انداز میں پہنچائی جاسکیں۔ صدارت کے مطابق یہ جدید اقدامات زائرین کے روحانی سفر اور تجربے کو بہتر بنانے کے ساتھ ان کی ضروریات کے مطابق علم و رہنمائی کے مختلف ذرائع فراہم کرتے ہیں، جبکہ براہ راست رابطے اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے مذہبی و آگاہی خدمات تک رسائی بھی آسان بنائی گئی ہے

Leave A Reply

Your email address will not be published.